آزاد انڈیا کے پہلے ووٹر 106 سال کی عمر میں چل بسے

شیام نے زندگی میں 34ویں اور آخری بار دو نومبر کو ووٹ ڈالا۔ 2014 میں انہیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا تھا۔ نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے انہوں نے ایک ویڈیو میں اداکاری بھی کی۔

24 اپریل 2014 کو 97 سالہ ہندوستانی باشندے شیام سرن نیگی ریاست ہماچل پردیش میں اپنی رہائش گاہ پر (اے ایف پی)

انگریز سامراج سے آزادی کے بعد آزاد انڈیا کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا جمعے کو شمالی ریاست ہماچل پردیش میں 106 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

انہوں نے رواں ہفتے دو نومبر کو ریاست میں 14ویں اسمبلی انتخابات میں اپنا آخری ووٹ ڈالا تھا۔

اگست 1947 میں ملک کی آزادی کے بعد انڈیا میں ہونے والے پہلے انتخابات میں وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے 23 اکتوبر 1951 کو ہماچل پردیش کے کلپا پولنگ سٹیشن میں سب سے پہلے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تھا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق شیام نے اپنی زندگی میں 34ویں بار دو نومبر کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالا جو ان کا آخری ووٹ بھی ثابت ہوا۔

شیام کے اس کارنامے کا اعتراف ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کیا۔

مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’یہ قابل ستائش اور نوجوان ووٹروں کے لیے انتخابات میں حصہ لینے اور ہماری جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ایک تحریک ہے۔‘

جمعے کو ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے بھی شیام کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا: ’آزاد انڈیا کے پہلے ووٹر اور کنور سے تعلق رکھنے والے شیام سرن نیگی جی کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ اپنا فرض ادا کرتے ہوئے انہوں نے دو نومبر کو 34ویں مرتبہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا پوسٹل ووٹ کاسٹ کیا۔ ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’بھگوان ان کی شبھ آتما کو اپنے چرنوں میں جگہ دے اور دکھی پریوار کو شکتی دے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کنور ضلع کے ڈپٹی کمشنر امندیپ گرگ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ شیام کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ وہ جولائی 1917 میں ریاست کے کنور ضلع میں پیدا ہوئے تھے۔

2014 میں شیام کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ تمام عمر نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیتے رہے یہاں تک کہ انہوں نے ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے ایک ویڈیو میں بھی اداکاری کی۔

چیف الیکٹورل آفیسر منیش گرگ نے شیام کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ووٹروں کی کئی نسلوں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی ترغیب دی۔‘

منیش گرگ نے مزید کہا: ’ان کا عزم تھا کہ وہ اپنی زندگی کی آخری سانس تک ووٹ کاسٹ کریں جیسا کہ انہوں نے دو نومبر کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالا تھا۔‘

ان کے بقول: ’نیگی ایک بھلے مانس تھے اور میں بھگوان سے پراتھنا کرتا ہوں کہ وہ سورگ واسی کی آتما کو شانتی دے اور ان کے پریوار کو یہ ناقابل تلافی نقصان سہنے کی شکتی دے۔ آج پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کا انتم سنسکار کیا جائے گا۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا