پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج عید منائی جا رہی ہے

عید الفطر کے پہلے دن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد کا پیغام دیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مسلمان عید الفطر آج (ہفتے) کو مذہبی جوش و جذبے اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔

رمضان المبارک کے اختتام پر عید الفطر کا تہوار مسلمانوں کے لیے سال کے پرمسرت ترین موقعوں میں سے ایک ہوتا ہے جس میں عموماً مرد صبح کے آغاز پر عید کی نماز مساجد میں ادا کرتے ہیں جبکہ خواتین گھر پر خصوصی پکوانوں کا اہتمام کرتی ہیں اور لوگ اپنے عزیزوں سے ملاقات کرتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے شہر لاہور سمیت ملک بھر میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ اسلام آباد میں عید کی صبح تیز بارش کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید کی نماز مختلف مقامات پر ادا کی گئی اور ان مساجد کی سکیورٹی پر ہزاروں اہلکار معمور تھے کہ کوئی ناخوشگوار واقع نہ پیش آسکے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی امیر سراج الحق نے لاہور میں منصورہ میں نماز عید کی امامت کی۔

عید الفطر کے پہلے دن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد کا پیغام دیا۔

اپنے جاری کردہ پیغام میں صدر عارف علوی نے قوم سے درخواست کی ہے کہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں۔

آج پاکستان کے ساتھ انڈیا، بنگلادیش، ایران، تھائی لینڈ، سنگاپور، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر عرب ممالک بھی عید کا پہلا دن منائیں گے۔

عید کے موقع پر پی آئی اے کا کرایوں میں کمی کا اعلان

وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے عید کے موقعے پر اندرون ملک کرایوں میں 20 فیصد کمی کر دی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق کمی کا اطلاق اندرون ملک تمام پروازوں پر 22 سے 25 اپریل تک ہوگا، جبکہ کرایوں میں کمی اکانومی اور ایگزیکیٹو اکانومی دونوں کلاسز پر ہوگا۔

جبکہ عیدالفطر کے موقعے پر خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر تمام ٹرنیوں کے کرایوں میں 33 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں جمعے کو عید منائی گئی

ایک دن قبل جمعے کو سعودی عرب سمیت مشرق وسطی اور چند یورپی ممالک میں عیدالفطر منائی گئی۔

اس کے علاوہ الجيريا، آذربائیجان، بحرین، ڈنمارک، فِن لينڈ، سوڈان، شام، ترکمانستان، کويت اور ازبکستان بھی ان ممالک میں شامل رہے جن میں جمعے کو عید منائی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے جمعے کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شاہی عدالت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا لکھا، ’اس سال جمعے کو عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔‘

العربیہ نیوز کے مطابق سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر قوم سے خطاب کیا۔

 انہوں نے کہا: میرے بیٹو اور بیٹیوں، میرے بھائیوں اور بہنوں، شہریوں اور یہاں بسنے والوں ہمارے پیارے وطن مملکت سعودی عرب میں کسی بھی جگہ بسنے والے مسلمان مرد و خواتین آپ سب کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

’ہمیں آپ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ہمارے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے۔‘

’ہم اللہ سے امید کرتے ہیں کہ عید آئے اور اس کے ساتھ ہمارے خطے اور پوری دنیا کے لیے استحکام، سلامتی اور یقین دہانی کی خبر ہو۔ اللہ ہماری عید کو خوشیوں والا رکھے۔ ہمیں صحت اور خوشیوں سے نوازے اور ہمارے وطن اور دنیا کے تمام ممالک کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا