پیرو کی صدردینا بولوارتے پیر کو پراسیکیوٹرز کے سامنے پیش ہوئیں اور اپنی ناک کی پلاسٹک سرجری کے سبب دو ہفتے کی غیر حاضری کی وضاحت کی۔
اس سرجری کے بارے میں پیرو کی صدر دینا بولوارتے کا اصرار ہے کہ وہ طبی بنیاد پر کی گئی تھی نہ کہ کاسمیٹک یا خوش نمائی کے لیے۔
62 سالہ بولوارتے نے جولائی 2023 میں اپنی غیر حاضری کے دوران کوئی عارضی صدر مقرر نہیں کیا اور ان پر اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے پراسیکیوٹرز کے سامنے چار گھنٹے تک پیش ہوئیں، اور باہر موجود رپورٹرز سے بات کیے بغیر واپس چلی گئیں۔
کچھ قانون سازوں نے دینا بولوارتے کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے عوام کو اطلاع نہیں دی اور نہ ہی اپنی ذمہ داریاں کانگریس کو دیں، جو کہ قانون کے مطابق ضروری تھا۔
تاہم ان کی ٹیم کا کہنا ہے کہ لِما کے ایک کلینک میں ’سانس کی مشکلات‘ کے علاج کے لیے ناک کی سرجری (رائنواسٹوپلاسٹی) کے بعد اپنی صحت یابی کے دوران ورچوئلی اپنے فرائض انجام دیتی رہیں۔
بولوارتے کئی مہینوں سے تنازعات میں گھری ہوئی ہیں۔ پراسیکیوٹرز ان پر رولیکس کمپنی کی گھڑیوں اور زیورات کی شکل میں رشوت لینے کا الزام عائد کر رہے ہیں اور 2022 میں ان کی صدارت کے خلاف مظاہروں کے دوران 50 سے زائد مظاہرین کی اموات کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
بولوارتے نے دسمبر 2022 میں عہدہ سنبھالا تھا، جب بائیں بازو کے صدر پیڈرو کاستیلو کو مواخذے کے بعد قید کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ کانگریس کو تحلیل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے تھے۔
وہ ان کی نائب صدر رہ چکی ہیں۔ بولوارتے کی کانگریس میں اپنی کوئی پارٹی نہیں ہے اور 95 فیصد ارکان کی ان قیادت یا فیصلوں کو پسند نہیں کرتے۔ ان کی مدت صدارت جولائی 2026 میں ختم ہوگی۔
پیرو میں مسلسل سیاسی عدم استحکام ہے اور گذشتہ آٹھ سالوں میں وہاں چھ صدور گزر چکے ہیں۔