پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بدھ کو جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ انڈیا اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
وزیر اطلاعات کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’پاکستان اس بات کا واضح اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عطا اللہ تارڑ کے مطابق ’پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خود ساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر‘ انڈیا پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا۔‘
وزیر اطلاعات نے مزید کہا، ’بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔
گذشتہ ہفتے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاحوں کی موت کے بعد نئی دہلی پاکستان پر الزام تراشیاں کر رہا ہے۔
انڈیا مسلسل پاکستان پر اس حملے کی پشت پناہی کا الزام عائد کر رہا ہے، جس کی پاکستان نے تردید کی ہے۔
منگل کو پاکستان فوج کے ترجمان نے اس حوالے سے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ’پہلگام واقعے کو سات روز ہو گئے ہیں اور ان کے پاس کوئی شواہد نہیں جن سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو ثابت کیا جا سکے۔‘
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈیا بطور ریاست پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔