انڈونیشیا میں حکام نے طلبہ کو ’ٹِک ٹاک‘ سے باز رکھنے کے لیے ’چِک ٹاک‘ میں مصروف کر دیا ہے۔ چِک یعنی چوزا اور ٹاک یعنی گپ شپ۔
اس انوکھی پالیسی کے تحت سکول کے بچوں میں چوزے بانٹے گئے ہیں اور انہیں اپنے چوزوں کی پرورش کا پابند کیا گیا ہے۔
حکام کا خیال ہے کہ جب بچے چوزے پالنے میں مصروف رہیں گے تو انہیں ٹِک ٹاک کا وقت نہیں ملے گا جو دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ویڈیو ایپ ہے اور انڈونیشیا کے حکام کے مطابق طلبہ میں وقت کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوعمری میں ٹِک ٹاک یا دیگر سرگرمیوں کے لیے سمارٹ فون کا استعمال ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے مضر جبکہ چوزے پالنا مفید ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے طلبہ ٹِک ٹاک کی بجائے چِک ٹاک پر دھیان دیں۔