دس لاکھ کھانے بانٹنے پر شاہی ایوارڈ پانے والے سلیمان رضا

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی اس واڈکاسٹ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر گپ شپ کی جاتی ہے۔

شاہی ایوارڈ یافتہ سلیمان رضا کا مشن ہے کہ وہ پاکستانی کھانوں کی الگ عالمی شناخت پیدا کریں۔ (فوٹو: سلیمان رضا انسٹاگرام)

ملیے برٹش پاکستانی سلیمان رضا سے جن کا برطانیہ میں ریسٹورنٹ، کیٹرکنگ اور ایونٹ مینیجمنٹ کا بزنس، صف اول میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی کاروبار کے توسط سے خیراتی کام کرنے پر سلیمان رضا کو برطانیہ کے شاہی ایوارڈ ’ممبر آف برٹش ایمپائر (ایم بی ای)‘ سے بھی نوازا گیا۔

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی واڈکاسٹ `ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز‘ کی تیسری قسط میں سلیمان رضا نے میزبانوں مِم شیخ اور علی حمزہ کو پاکستان سے برطانیہ منتقل ہونے کے بعد اپنی زندگی کی جدوجہد کی داستان سنائی۔

سلیمان رضا نے بتایا کہ وہ 18 سال کی عمر میں برطانیہ گئے جہاں ان کے بھائی پہلے سے مقیم تھے۔ پہلی نوکری ایک ریسٹورنٹ میں برتن دھونے کی ملی اور وہیں سے انہیں نہ صرف کھانے پکانے سے لگاؤ ہوا بلکہ اپنا ذاتی ریسٹورنٹ کھولنے کی تگ و دو بھی کرنے لگے۔

بالآخر بھائی کے ساتھ مل کر لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں سپائس ویلج کے نام سے ریسٹورنٹ کھولا اور رفتہ رفتہ ریسٹورنٹ کی مزید شاخیں کھولنے کے علاوہ کیٹرنگ سروس اور شادی ہال جیسے کاموں میں بھی قدم جمائے۔

 تین سال قبل کووڈ کی وبا کے باعث لاک ڈاؤن شروع ہوئے تو سلیمان رضا کے ریسٹورنٹ سے ہسپتالوں کے طبی عملے کو مفت کھانا پہنچایا جانے لگا۔ ان کے کار خیر کو برطانوی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کی جانب سے سراہا گیا تو سلیمان رضا کی مہم ’ون ملین میلز‘ یعنی دس لاکھ کھانے کھلانے والی قومی کاوش بن گئی۔

چونکہ وبا کے دوران ریسٹورنٹ بند تھے تو سلیمان رضا نے انوکھی ٹرے ڈیزائن کی جو ان کے ریسٹورنٹ کے ڈرائیو تھرو میں آنے والے گاہکوں کی گاڑیوں نصب ہو جاتی تھی اور وہ اندر بیٹھے بیٹھے کھانا کھا کر رخصت ہو جاتے۔ کاروبار چلتا رکھنے کے اس نئے انداز نے سلیمان رضا کو لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے باوجود ترقی کا موقع دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاک ڈاؤن کے بعد بھی انہوں نے مقامی سطح پر ضرورت مند طبقوں کے لیے خیراتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور برطانیہ کے شاہی خاندان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایم بی ای سے نوازا۔

 پاکستان میں کرکٹ کی کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز ہوا تو کرکٹ کا شوق سلیمان رضا کو پاکستان کھینچ لایا اور انہوں نے میر پور رائلز ٹیم خرید کر مقامی سطح پر کرکٹ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی ٹھانی۔ البتہ ان کے اس عزم کو پاکستانی کرکٹ میں بقول ان کے ’سیاست‘ کے باعث ٹھیس پہنچی اور انہوں میر پور رائلز کو بیچ دیا۔

پاکستانی کھانوں کے ذریعے تقریباً دو دہائیوں میں وسیع کاروبار کھڑا کرنے والے سلیمان رضا کا مشن ہے کہ وہ پاکستانی کھانوں کی الگ عالمی شناخت پیدا کریں جو عموماً بیرونی ممالک میں انڈین کھانے ہی تصور کیے جاتے ہیں۔

ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز، انڈپینڈنٹ اردو کی لندن سے واڈکاسٹ ہے جس کا مقصد برطانیہ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی کامیابیوں کی داستانوں کو اجاگر کرنا ہے۔ واڈکاسٹ میں جنوبی ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں کی ثقافتی شناخت کی بُنت پر ہلکی پھلکی گپ شپ کی جاتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ویڈیو