مصر میں بندر جیسے سر والے بکری کے بچے کی پیدائش ہوئی، تاہم یہ بچہ صرف دو دن بعد ہی چل بسا۔
گلف نیوز کی رپورٹ میں مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس عجیب الخلقت بکری کی پیدائش کی خبر سن کر شمالی مصر میں واقع الہدایہ گاؤں میں ہلچل پیدا ہوگئی، جہاں ہر کوئی اسے دیکھنے کے لیے دور دور سے پہنچ رہا تھا۔
یہی نہیں اس بکری کے بچے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ بکری کے مالک نے کہا کہ وہ پیدائش کے بعد اس بچے کو دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔
اگرچہ کچھ لوگوں نے یہ قیاس کیا ہے کہ یہ بچہ بکری اور بندر کے مابین جنسی ملاپ کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سائنسی لحاظ سے ناممکن ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ویٹرنری ماہرین نے اس واقعے کو ’پیدائشی نقص‘ قرار دیا اور بندروں اور بکروں کے مابین کسی جنسی ملاپ کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
جانوروں کے ماہر محمد یوسف نے کہا: ’بندر کے سر کے ساتھ بکرے کی پیدائش ممکن نہیں ہے۔ یہ پیدائشی عیب ہے۔ بندر کا سر ہرگز نہیں ہے۔‘
قاہرہ یونیورسٹی میں ویٹرنری میڈیسن فیکلٹی کی ڈین ڈاکٹر ایمان بکر نے کہا: ’یہ پیدائشی نقص ہیں جو انسانوں میں بھی سامنے آتے ہیں، ایسا جینیاتی وجوہات کی وجہ سے ہوتا ہے یا حمل کے دوران ماں کے جسم میں ماحول سے زہریلے مواد یا وائرس کا داخل ہونا بھی اس کی وجوہات ہوسکتی ہیں۔‘
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن اگر ایسا ہو جائے تو اس کی سائنسی وجوہات ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر ایمان بکر نے مزید کہا کہ ایسے نقص کے ساتھ پیدا ہونے والے جانوروں کا زندہ رہنا مشکل بلکہ بعض اوقات ناممکن ہوتا ہے۔