سندھ کے دو صوبائی وزرا سمیت پیپلز پارٹی کے آٹھ ارکان کو مبینہ طور پر ایک وٹس ایپ ویڈیو موصول ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے ذاتی حیثیت میں نوٹس دے کر طلب کرنے کو پی پی پی رہنما اور سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کی جانب سے سندھ میں ترقیاتی کام نہ ہونے پر سندھ حکومت کے خلاف تنقیدی ریمارکس کے جواب میں پیپلز پارٹی کے پی ایس 114 کراچی غربی کے جنرل سیکریٹری مسعود الرحمٰن عباسی نے 17 جون کو ایک تقریر میں مبینہ طور پر چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے، جس پر عدالت نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے انھیں طلب کرلیا۔
عدالت میں پیشی کے دوران مسعود الرحمٰن عباسی نے کہا کہ کراچی میں چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرتے وقت وہ اپنے ہوش و حواس میں نہیں تھے۔
ایف آئی اے نے سندھ کے دو صوبائی وزرا ناصر شاہ اور سعید غنی سمیت ارکان اسمبلی نفیسہ شاہ، قادر پٹیل، شاہدہ رحمانی، ناز بلوچ، شہلا رضا اور قادر مندوخیل کو چار اگست کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ انھیں مسعود الرحمٰن عباسی کی عدلیہ مخالف تقریر پر مشتمل ویڈیو وٹس ایپ پر موصول ہوئی ہے اور یہ رہنما ’اس معاملے سے اچھی طرح واقف ہیں‘ اس لیے انھیں تنبیہ کی گئی کہ وہ ایف آئی اے کے کراچی میں واقع سائبر کرائمز رپورٹنگ سینٹر میں ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں۔
ایف آئی اے نے پی پی پی رہنماؤں کو الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ (پیکا) کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی۔
ایف آئی اے نے مسعود الرحمٰن کی مبینہ طور پر ’غیر مہذب‘ گفتگو پر مشتمل ویڈیو کی ڈیجیٹل فرانزک لیب سے تجزیے کی رپورٹ عدالت کو پیش کی تھی کہ دو منٹ 15 سیکنڈ کی یہ ویڈیو مصدقہ اور غیر ایڈیٹڈ ہے، جسے سب سے پہلے فیس بک پر اور بعد میں مختلف لوگوں نے یوٹیوب سمیت دیگر ویب سائٹس پر پوسٹ کیا تھا۔
مذکورہ نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ایف آئی اے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر آڑے ہاتھوں لیا۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور ایم این اے شازیہ عطا مری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پی ٹی آئی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت پی پی پی سے تعلق رکھنے والے اراکین کو ایف آئی اے کی معرفت ہراساں کررہی ہے۔ ’حزب اختلاف کی جماعتوں اور حکومت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کا ایکٹ (پیکا) استعمال کرنا اب حکومت کی جانب سے ایک رواج بن گیا ہے۔‘
Strongly condemn PTI Government’s tactics to harass opposition members belonging to PPP through FIA. Notices sent to PPP MNAs & MPAs just another bullying tactic - destined to fail. Using PECA to target opponents and critics has become this Government’s norm! pic.twitter.com/LDWUV2qIsQ
— Shazia Atta Marri (@ShaziaAttaMarri) August 8, 2021
ایک اور صارف رب نواز بلوچ نے لکھا: ’جب میڈیا سے جڑے اینکرز، صحافی یا سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ایف آئی اے ہراساں کرے یا نوٹسز بھیجے تو تمام اپوزیشن جماعتیں اور ان کی لیڈر شپ ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے مگر پیپلزپارٹی کے درجن بھر اراکین اسمبلی اور وزرا کو ایف ائی اے کے جانب سے بلاوجہ نوٹسز جاری ہوئے لیکن ہر طرف خاموشی ہے، ایسا کیوں؟‘
جب میڈیا سے جُڑے اینکرز، صحافی یا سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو ایف آئی اے ہراس کرے یا نوٹسز بھیجے تو تمام اپوزیشن جماعتیں اور ان کی لیڈرشپ ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
— Rab Nawaz Baloch (@RabNBaloch) August 9, 2021
مگر پیپلزپارٹی کےدرجن بھر اراکین اسمبلی،وزراء کو ایف ائی اے کے جانب بلاوجہ نوٹسز جاری ہوئے
ہر طرف خاموشی ہے
ایساکیوں۔۔۔۔؟ pic.twitter.com/jdOJmNTEDL
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایف آئی اے نے متنازع الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ (پیکا) کے تحت لاہور کے دو سینیئر صحافیوں عامر میر اور شفقت عمران کو عدلیہ، سکیورٹی اداروں اور حکومت مخالف بیانات پر حراست میں لیا تھا، جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایف آئی نے جنگ اخبار کے کالم نویس اور صحافی بلال غوری کو بھی اس قانون کے تحت نوٹس جاری کیا تھا، جب کہ کچھ عرصہ قبل سینیئر صحافی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین ابصار عالم اور کراچی کے صحافی بلال فاروقی کے خلاف بھی اس قانون کے تحت مقدمات بنائے گئے تھے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائمز ونگ (سی سی ڈبلیو) کو 30 جولائی 2021 تک الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ (پیکا) کے تحت 22 ہزار 877 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 30 شکایات صحافیوں کے خلاف دائر کی گئی تھیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف ایف آئی اے کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پیکا قانون کو پی پی پی سمیت اپنی مخالف سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا: ’پی ٹی آئی حکومت نے پہلے انسدادِ بدعنوانی کے ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) کو استعمال کیا، ہماری حکومت کے فلاحی کاموں پر سوال اٹھائے گئے کہ غریبوں کی مدد کیوں کررہے ہو؟ جب اس سے بھی پیٹ نہ بھرا تو حکومت اب پی پی پی کے خلاف پیکا قانون استعمال کر رہی ہے۔ جن رہنماؤں کو نوٹس دیے ہیں وہ پارٹی کی آواز ہیں، انھیں دبانے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’حیرت ہے کہ ایک ویڈیو وٹس ایپ پر موصول ہونے پر نوٹس دیا گیا۔ اس طرح تو آدھا پاکستان مجرم ہے۔ ہر عوامی رہنما کو وٹس ایپ پر کئی پیغامات ملتے ہیں۔ مجھے روزانہ ہزاروں ٹیکسٹ اور ویڈیو پیغام موصول ہوتے ہیں، لوگ اپنے مسائل بھیجتے ہیں تو کیا یہ جرم ہے؟ اگر جرم ہے تو وٹس ایپ بند کردیا جائے۔‘
نفیسہ شاہ کے مطابق ویڈیو کے بعد پی پی پی کی پارٹی قیادت نے مسعود الرحمٰن عباسی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انھیں معطل کردیا ہے۔ ’یہ ویڈیو تو صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور دیگر لوگوں کو بھی موصول ہوئی ہوگی، تو کیا سب کو نوٹس جاری کیے جائیں گے؟‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’پیکا قانون اظہار کی آزادی کو صلب کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، جو ناقابل برداشت ہے۔‘