بھارتی گلوکارہ لتامنگیشکر کی 92 ویں سالگرہ کے موقعے پر گذشتہ روز ان کا 20 سال پہلے گایا ہوا نغمہ ’ٹھیک نہیں لگتا‘ ریلیز کردیا گیا۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ گانا ہدایت کار اور کمپوزر وشال بھردواج اور نغمہ نگار گلزار نے گلوکارہ کی سالگرہ کے موقعے پر ان کے مداحوں کے لیے ’تحفے‘ کے طور پر جاری کیا۔
گلزار کا لکھا ہوا یہ نغمہ لتا نے 1990 کی دہائی میں گایا تھا اور وشال بھردواج نے اس کی موسیقی ترتیب دی۔
یہ گانا 1996 میں ایک فلم کے لیے گایا گیا تھا، جس پر اس وقت وشال اور گلزار کام کر رہے تھے۔ ’ماچس‘ نامی فلم میں شامل یہ گانا اداکارہ ایشوریا رائے پر فلمایا جانا تھا لیکن بالآخر فلم پر کام بند کر دیا گیا اور اس کا گانا کبھی ریلیز نہ ہو سکا۔
جس وقت یہ گانا ریکارڈ کیا گیا، وشال بالی وڈ میں قدم جما رہے تھے۔ وشال کے مطابق یہ گانا کہیں کھو گیا تھا، جو اب ملا ہے۔
بقول وشال: ’10، 12 سال پہلے میں نے گانے کو تلاش کیا لیکن وہ مجھے نہیں ملا۔ بعد میں دو تین سال پہلے سٹوڈیو والوں نے بتایا کہ گانے کی ٹیپ مل گئی ہے۔‘
گم شدہ گانے کی سٹوری کے بارے میں وشال نے بتایا: ’میں ہمیشہ سوچا کرتا تھا کہ گانا بہت اچھا تھا۔ اس زمانے میں کیسٹ ہوا کرتے تھے تو کہاں ریلیز کرتے؟ بات ہوتی رہی کہ فلم بنے گی لیکن مجھے پتہ ہی نہیں چلا اور آٹھ، دس سال بیت گئے اور گانا کہیں کھو گیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وشال کے مطابق لتا جی نے گانا بھی کم کر دیا تھا، اس لیے یہ بھی ایک وجہ تھی کہ اس گانے کو تلاش کیا جائے کیونکہ یہ لتا کا گایا ہوا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو تین سال پہلے ایک سٹوڈیو سے فون آیا، جو بند ہونے جارہا تھا کہ ’آپ کے نام کی ایک ٹیپ ملی ہے۔ اگر آپ کو لینی ہے تو لے لیجیے، نہیں تو ہم اسے پھینک دیں گے۔‘
وشال نے مزید بتایا کہ ’اس ٹیپ میں بہت سے گانے تھے، جن میں مذکورہ گانا بھی تھا۔ میں نے ٹیپ میں سے لتا جی کی آواز کو نکال کر اسے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق بنا لیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جن موسیقاروں نے گانے کے اس نئے ورژن پر کام کیا ہے ان میں بعض تو اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب پہلی بار یہ گانا ریکارڈ کیا گیا۔
وشال نے مزید بتایا کہ وہ اس گانے کو فلم میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔