سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کی پراعتماد بیٹنگ نے پاکستان کو جیت کی امید دلائی ہے۔
منگل کو 342 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن نے سری لنکن سپنرز کا اچھا مقابلہ کیا اور آج کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 222 رنز بنا لیے جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔
پاکستان کی دوسری اننگزکے ہیرو عبداللہ شفیق ہیں جنھوں نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
ان کے ساتھ اوپنر امام الحق نے اچھی بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑے۔
وہ بدقسمتی سے 35 رنز کے سکور پر سٹمپ ہوگئے جب لاپرواہی کے سبب کریز میں ہوتے ہوئے وہ سری لنکن وکٹ کیپرڈیکویلا کی ذہانت کا شکار ہوگئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سینیئر بلے باز اظہر علی ایک دفعہ پھر ناکام رہے۔ کپتان بابر اعظم نے شفیق کے ساتھ 101 رنز کی پارٹنرشپ کرکے میچ کو اپنے حق میں موڑ لیا لیکن بابر 55 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو عبداللہ شفیق 112 اور محمد رضوان سات رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ چندی مل ایک بار پھر بدقسمت رہے اور سنچری مکمل نہیں کرسکے۔ انھوں نے ناقابل شکست 94 رنز بنائے۔
میچ کے آخری دن پاکستان کو جیت کے لیے مزید 120 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔ بظاہر پچ آسان نظر آ رہی ہے اور اس سے بولرز کو کوئی خاطر خواہ مدد نہیں مل رہی۔
اگر مہمان بلے بازوں نے اسی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو پاکستان یہ میچ جیت سکتا ہے۔