انڈیا کے بلے باز ویبھوو سوریاونشی نے ہفتے کو تاریخ رقم کر دی، جب وہ صرف 14 سال کی عمر میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔
راجستھان رائلز نے انہیں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ میں کپتان سنجو سیمسن کے زخمی ہونے پر ’امپیکٹ سبسٹیٹیوٹ‘ کے طور پر میدان میں اتارا۔
راجستھان نے گذشتہ سال نومبر میں ہونے والی نیلامی میں محض 13 سال کی عمر میں انہیں ایک لاکھ 30 ہزار 500 امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔
14 سال اور 23 دن کی عمر میں سوریاونشی نے آئی پی ایل کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ پرایاس رے برمن کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے 16 سال اور 157 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔
نوجوان بلے باز نے اپنی پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر شاندار آغاز کیا۔
انہوں نے شردُل ٹھاکر کی گیند پر ایک زوردار شاٹ مارا جو ایکسٹرا کور کی باؤنڈری کے اوپر سے گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹی وی کمنٹیٹرز نے ان کو ’باس بے بی‘ کا لقب دیا — جو کہ ایک مشہور اینیمیٹڈ فلم ہے۔ سریوانشی نے صرف 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
انہوں نے یشسوی جیسوال کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز جوڑے۔ جیسوال انڈیا کی طرف سے 19 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔
سوریاونشی کا تعلق انڈیا کی غریب ریاست بہار سے ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان کے والد ایک کسان اور جز وقتی صحافی ہیں۔
یہ بلے باز اس وقت مشہور ہوئے جب انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف انڈر-19 ٹیسٹ میں صرف 58 گیندوں پر سنچری سکور کی۔ اس سے پہلے انگلینڈ کے معین علی نے 2005 میں 56 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
سوریاونشی نے گذشتہ سال جنوری میں محض 12 سال کی عمر میں رانجی ٹرافی میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ راجستھان کے کوچ راہل ڈریوڈ ان سے اس وقت متاثر ہوئے جب نیلامی سے پہلے نیٹ سیشن میں ان کی صلاحیتیں دیکھیں۔
بعد میں انہوں نے کہا ’اس بچے میں واقعی شاندار مہارتیں موجود ہیں۔‘