اپنے گھر دعوت پر چینی کھانے بنائیں

امید کرتی ہوں آپ کے مہمانوں کو یہ مخصوص چینی کھانے پسند آئیں گے، البتہ دعوت کے بعد ان کی گھر جا کر باتیں کرنے کی فکر نہ کریں، باتیں انہوں نے پلاؤ اور قورمہ کھانے کے بعد بھی کرنی ہیں۔

چینی کھانے لذیذ ہونے کے ساتھ صحت بخش بھی ہوتے ہیں اور اس سلسلے میں دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتے ہیں (تصویر: پکسا بے)

یہ تحریر مصنفہ کی زبانی سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

 

آج کل ہمارے گھر میں ایک نئے نویلے شادی شدہ جوڑے کی دعوت کا مینیو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ دعوت اگلے ہفتے ہے لیکن سوچ بچار ابھی سے جاری ہے۔

پلاؤ، قورمہ، روسٹ اور کھیر کے مینیو میں کسی کو دلچسپی نہیں۔ گھر والوں کا خیال ہے کہ نیا جوڑا ہر دعوت پر یہی سب کھاتا رہا ہو گا۔ ہمیں انہیں کچھ مختلف کھلانا چاہیے۔

ہم نے کہا کہ پھر چینی کھانوں کی دعوت کر دیتے ہیں۔ یہ ہر طرح سے مختلف ہو گی۔

پھر خیال آیا کہ ان میں سے کچھ کھانوں کی تراکیب آپ کو بھی بتا دی جائیں تاکہ آپ بھی اپنے گھر میں ہونے والی دعوتوں پر چینی کھانے بنا سکیں۔

ابتدا

چینی ثقافت میں مہمانوں کو سب سے پہلے چائے پیش کی جاتی ہے۔ اس کے لیے ایک کیتلی میں سبز چائے کے کچھ پتے ڈالیں اور اوپر سے گرم پانی انڈیل دیں۔ مہمان آئیں تو یہ کیتلی اور ان کی تعداد کے مطابق کپ ان کے سامنے رکھ دیں۔

یہ چائے کھانے سے پہلے اور کھانے کے دوران پی جائے گی۔

قہوے کے بعد انہیں گائے کی ہڈیوں کی یخنی پیش کریں۔ سنکیانگ میں کھانے کے ساتھ گائے کی ہڈیوں کی یخنی بہت شوق سے پی جاتی ہے۔

یہ یخنی بالکل ہمارے سٹائل میں ہی بنے گی۔ بس اسے تھوڑا ہلکا ہی رکھیں۔ پیالے کو بوٹیوں سے بھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کا مقصد صرف انہیں ہلکا سا فریش کرنا ہے۔

سلاد

سلاد میں کھیرے کا سلاد بنا لیں۔ اس کے لیے تین سے چار کھیرے لیں۔ ان کے دونوں اطراف سے چھوٹے چھوٹے ٹکریں کاٹ کر الگ کر لیں۔ پھر کھیروں کو کٹنگ بورڈ پر رکھیں اور ایک بڑے چمچ یا بڑی چھڑی کی چپٹی طرف سے ان پر ضرب لگائیں تاکہ وہ ٹوٹ کر چپٹے ہو جائیں۔ اس کے بعد ان کے بڑے بڑے ٹکڑے کاٹ لیں۔ ایک بڑے پیالے میں ان ٹکڑوں کو ڈالیں۔ پھر اس میں ایک درمیانے سائز کی پیاز اور دو چار لہسن کے جوے باریک کتر کر ڈالیں۔ اوپر سے دو چمچ سویا ساس، تین چمچ چاولوں کا سرکہ، تین چمچ چینی، ایک چوتھائی چمچ نمک، ایک چمچ تِلوں کا تیل اور ایک چمچ بھنے ہوئے سفید تِل ڈال کر مکس کریں۔ سلاد تیار ہے۔

اس کے ساتھ چاہیں تو آلو کا سلاد بھی بنا لیں۔ اس کے لیے ایک بڑے سے آلو کو باریک باریک لمبا سا کاٹ لیں۔ پھر انہیں پانی میں ڈبو دیں تاکہ ان میں موجود نشاستہ باہر نکل سکے۔ پھر انہیں ابلتے ہوئے پانی میں دو منٹ کے لیے ابالیں تاکہ وہ گل بھی جائیں اور ان کا خستہ پن بھی برقرار رہے۔ پھر انہیں ٹھنڈے پانی کے پیالے میں ڈالیں۔ دو منٹ بعد ٹھنڈا پانی گرا دیں۔ پھر باؤل میں باریک کٹی ہوئی شملہ مرچ، دو چمچ چاولوں کا سرکہ اور ایک چھوٹا چمچ چلی آئل ڈال کر مکس کریں۔ سلاد تیار ہے۔

یہ سلاد دیکھنے والوں کو کچا لگ سکتا ہے لیکن فکر نہ کریں۔ ہم نے آلو ابالا ہوا ہے۔

چاول

ہمارے ہاں چینی کھانے فرائیڈ رائس کے ساتھ کھائے جاتے ہیں۔ چین میں ابلے ہوئے چاول کھائے جاتے ہیں۔ وہ بھی کھانے کے آخر میں پیش کیے جاتے ہیں۔

چینی ہماری طرح چاولوں پر سالن ڈال کر نہیں کھاتے۔ وہ گوشت یا سبزی سے بنے ہوئے پکوان چاپ سٹکس کی مدد سے کھاتے ہیں۔ آخر میں پیٹ میں بچی ہوئی جگہ ابلے ہوئے چاولوں، نوڈلز یا روٹی سے بھر لیتے ہیں۔

آپ بھی اپنی دعوت کے لیے ابلے ہوئے چاول تیار کرلیں اور انہیں کھانے کے ساتھ ہی پیش کر دیں تاکہ آپ کے مہمان اپنی عادت کے مطابق سالن کے ساتھ کھا سکیں۔

گوشت

گوشت کے کھانوں میں ایک تو کُنگ پاؤ چکن بنا لیں۔ وہ یہاں بھی ویسا ہی بنتا ہے جیسے چین میں بنتا ہے۔ ہمیں مونگ پھلی کی وجہ سے کچھ خاص پسند نہیں ہے، تاہم جانی پہچانی ڈش ہے تو بنا لیں۔ آپ کے مہمان اسے شوق سے کھائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ اورنج چکن یا پائن ایپل چکن بھی بنایا جا سکتا ہے۔ اس کی ترکیب بھی وہی ہے جو ہمارے کوکنگ چینلوں یا یوٹیوب پر موجود ہیں۔ اسے بھی بالکل اسی طرح بنا لیں۔

ایک ڈش ہمیں بہت پسند ہے۔ ہم آپ کو اس کی ترکیب بتا دیتے ہیں۔

اس کے لیے تین چار نان لے لیں۔ انہیں تیز چھری کی مدد سے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب ان ٹکڑوں کو خستہ ہونے تک ڈیپ فرائی کر لیں۔

اس کے بعد چکن یا بیف کے چھوٹے ٹکڑوں کو نمک، کالی مرچ، باریک کٹے ہوئے ادرک اور سویا ساس کے ساتھ میرینیٹ کر لیں۔ پھر اس میں کارن سٹارچ اور انڈہ ملا کر گاڑھا سا آمیزہ بنا لیں۔ اس کے بعد ان ٹکڑوں کو بھی ڈیپ فرائی کر لیں۔

اب ڈش بنانے کے لیے ایک پین میں تھوڑا سا تیل لیں۔ اس میں موٹی کٹی ہوئی پیاز اور شملہ مرچ ڈال کر تلیں۔ پھر اس میں نمک، کٹا ہوا زیرہ اور کٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر مکس کریں۔

اس کے بعد اس ڈش میں نان اور گوشت کے تلے ہوئے ٹکڑے ڈال کر مکس کریں اور فوراً کھانے کے لیے پیش کر دیں۔

اس میں نان کے ٹکڑے خستہ تلے ہوئے ہونے چاہییں۔

چینی اس میں سیچوان پیپر کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ وہ یہاں دستیاب نہیں ہے، اس لیے اس ڈش کو اس کے بغیر ہی بنا لیں۔

آپ چکن کی ایک اور ڈش بھی بنا سکتے ہیں۔ اس کا نام تا پان چی ہے۔ تا کا مطلب بڑا، پان کا مطلب پلیٹ اور چی کا مطلب چکن ہے، یعنی ایسا چکن جو بڑی پلیٹ میں کھانے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

یو ٹیوب پر اس کی بہت سی تراکیب موجود ہیں۔ وہاں سے اس کی ترکیب دیکھی جا سکتی ہے۔

تا پان چی میں برتن کے پیندے پر ابلے ہوئے چپٹے نوڈلز رکھے جاتے ہیں۔ ان کے اوپر چکن اور آلو کو شملہ مرچوں اور مصالحہ جات کے ساتھ پکا کر ڈالا جاتا ہے۔

تا پان چی میں بھی سیچوان پیپر کا استعمال ہوتا ہے۔ اس کے بغیر آپ کو اس ڈش کا ذائقہ ہمارے دیسی طرز کے آلو چکن جیسا محسوس ہوگا۔

اس کے علاوہ بھیڑ کے گوشت کا بار بی کیو بھی بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے بھیڑ کے گوشت کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر ان ٹکڑوں کو لمبی کٹی ہوئی پیاز، نمک، لال مرچ اور زیرہ پاؤڈر کے ساتھ میرینیٹ کر لیں۔

جب پکانا ہو تو ان ٹکڑوں کو سلاخوں پر پروئیں اور بار بی کیو یا گرل کر لیں۔ پکاتے ہوئے سلاخوں پر نمک اور کٹا ہوا زیرہ چھڑکیں۔

میٹھا

چینی ڈیزرٹ یا میٹھے کی جگہ پھل کھاتے ہیں۔ اس لیے اس دعوت میں آپ بھی کھیر، شیر خرمے کو گول کرتے ہوئے بس ایک ٹرے میں دو چار اقسام کے پھل کاٹیں اور اپنے مہمانوں کے سامنے رکھ دیں۔

چینیوں کو تربوز بہت پسند ہیں۔ آپ بھی اپنی ٹرے میں تربوز کی بڑی بڑی قاشیں ضرور رکھیں۔

امید کرتی ہوں آپ کے مہمانوں کو یہ کھانے پسند آئیں گے۔ ان کے گھر جا کر باتیں کرنے کی فکر نہ کریں۔ باتیں انہوں نے پلاؤ اور قورمہ کھانے کے بعد بھی کرنی ہیں۔

آپ نے بھی ان کی شادی سے واپس آ کر ان کے بارے میں باتیں کی ہوں، تو بس حساب برابر سمجھیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ