’طلسم ہوشربا‘ کا سحر ایک صدی گزرنے کے بعد بھی برقرار

طلسم ہوشربا کے اس ایڈیشن کو مصور نسخہ کہا جا سکتا ہے جس میں کرداروں کی السٹریشنز کے علاوہ گرد پوش اور اندرونی صفحات کی تزئین و آرائش پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے۔

مشرف علی فاروقی 2007 سے اردو کلاسیکی ادب پر کام کر رہے ہیں اور یہ ایک طرح سے ان کا جنون ہے (انڈپینڈنٹ اردو)

طلسم ہوشربا اردو ادب کا منفرد اور بے مثال ادبی شاہکار ہے جو داستان امیر حمزہ کا ایک جزو ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مکمل داستان بھی ہے جو 1884 میں شائع ہونا شروع ہوئی اور یہ سلسلہ 1893 تک جاری رہا۔

اسے اردو ادب کے اب تک کے سب سے بڑے ناشر منشی نول کشور نے آٹھ ضخیم جلدوں کے کم و بیش 20 ہزار صفحات پر شائع کیا تھا۔

طلسم ہوشربا کی پہلی چار جلدیں سید محمد حسین جاہ اور آخری چار جلدیں احمد حسین قمر نے تالیف کی تھیں۔

اس عظیم شاہکار کی اشاعت کا سلسلہ قیام پاکستان کے بعد بھی جاری رہا لیکن یہ تمام اشاعتیں دراصل قدیم اشاعتوں کے عکس پر مشتمل تھیں جس کی وجہ سے دور حاضر کے قارئین کے لیےاس کا قدیم املاء، پرانی طرز کتابت اور ملا کر لکھے ہوئے الفاظ کو پڑھنا اور سمجھنا آسان نہ تھا۔

ان حالات کو دیکھتے ہوئے انگریزی کے معروف ادیب، داستان شناس، مترجم اور پبلشر مشرف علی فاروقی نے اردو ادب کے اس شاہکار کو دور حاضر کے قارئین تک پہنچانے کے لیے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق شائع کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔

ان کے ادارے کتاب پبلشرز کی جانب سے طلسم ہوشربا کی پہلی جلد شائع ہو کر منظرعام پر آ چکی ہے جو اپنے متن کی طرح ہی ایک شاہکار ہے۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طلسم ہوشربا داستان امیر حمزہ کا سب سے رنگا رنگ اور دلچسپ حصہ ہے۔

’طلسم ہوشربا کو دنیا کے بڑے سے بڑے ادب کے سامنے ہم بہت فخر کے ساتھ رکھ سکتے ہیں اور یہ ان سب کے ہم پلہ تو ایک چھوٹا لفظ ہے اپنے تخیل، رنگا رنگی اور وسعت میں جو اس کا کینوس ہے یہ ان سب سے بہت آگے ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس ادبی شاہکار کی اشاعت کے لیے سارا متن نئے سرے سے مرتب کیا گیا ہے۔

’اس کے جو مشکل الفاظ ہیں ان کے معنی لکھے گئے ہیں۔ فارسی اشعار کے تراجم اس میں شامل ہیں اور جو رموز واوقاف ہیں وہ اس میں شامل ہیں، لفظوں پر اعراب لگائے گئے ہیں اور کافی محنت کے بعد یہ ایڈیشن تیار ہوا ہے۔‘

طلسم ہوشربا کے اس ایڈیشن کو مصور نسخہ کہا جا سکتا ہے جس میں کرداروں کی السٹریشنز کے علاوہ گرد پوش اور اندرونی صفحات کی تزئین و آرائش پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے۔

اس کتاب پر ہونے والی اس محنت اور سرمایہ کاری کی وجہ مشرف علی فاروقی یہ بتاتے ہیں کہ ’یہ ہمارے اردو ادب کا ایک شاہکار ہے۔ اس لیے اگر ہمیں اسے نئی نسل کو دوبارہ سے متعارف کروانا ہے تو اس کا ایک معیار ہونا چاہیے، ایک محبت کے ساتھ اس کو تیار کر کے پیش کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے بتایا کہ پرانے نسخے لیتھو پر پرنٹ ہوتے تھے جس میں پتھر پر الٹا لکھا جاتا تھا اور پھر وہ پرنٹ ہوتا تھا اس لیے وہ متن آج کے قاری کے لیے پڑھنا آسان نہ تھا لیکن اب اسے جس جدید فونٹ میں شائع کیا گیا ہے وہ پڑھنے میں بہت آسان ہے۔

مشرف علی فاروقی 2007 سے اردو کلاسیکی ادب پر کام کر رہے ہیں اور یہ ایک طرح سے ان کا جنون ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ بہت ساری زبانیں ہیں جنہوں نے اپنے کلاسیکی ادب کو محفوظ کر کے رکھا ہوا ہے اور ان کے نئے ایڈیشن آتے رہتے ہیں لیکن ہمارے ہاں ان کو نہ تو اس طرح سے پروموٹ کیا جاتا ہے اور نہ ان کے زیادہ تراجم ہوتے ہیں۔

’یہ ایک طرح کا ماڈل ہے جو ہم پیش کرنا چاہ رہے ہیں کہ دیکھیے ان خطوط پر کام ہو سکتا ہے اور اس طرح کلاسک ادب کی ترویج کی جا سکتی ہے۔‘

طلسم ہوشربا کے اپنے پسندیدہ حصے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی بھی صفحہ ایسا نہیں ہے جو دلچسپی سے خالی ہو لیکن اس میں عمر عیار کی عیاریاں اور اس کے جو باقی چار عیار ہیں ان کے قصے اور پھر جو عیارنیاں ہیں یعنی خواتین عیار ان کی بڑی دلچسپ قصے کہانیاں ہیں۔‘

اس ادبی شاہکار پر فلم یا ٹی وی سیریز بنانے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف پروڈکشن ہاؤسز اور مختلف فلم ڈائریکٹرز نے ان سے رابطہ کیا ہے جو اسے فلم یا سیریز کی صورت میں بنانا چاہتے ہیں۔

’اس سلسلے میں کچھ چیزوں پر آگے پیشرفت ہوئی ہے اور کچھ چیزوں پر تبادلہ خیال جاری ہے تو انشااللہ جلد کوئی نہ کوئی ایسی صورت نکلے گی۔‘

کتاب کی قیمت زیادہ ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں مصوری سے مزئین رنگین صفحات شامل کیے گئے ہیں جن پر کافی خرچ آتا ہے جبکہ کاغذ کی قیمت بھی بے تحاشہ بڑھ چکی ہے۔

’اس کے علاوہ یہ ایک ٹیسٹ پراجیکٹ ہے کیونکہ آگے اس کی 23 مزید جلدیں آنی ہیں۔ یہ 24 جلدوں کا پراجیکٹ ہے تو اس کی فنڈنگ کہاں سے آئے گی۔ اسی سے آئے گی کہ اس کو بیچ کر یہ کتابیں بڑھیں آگے اور ان کے ذریعے کچھ مزید پیسے آئیں تاکہ آگے کی جلدوں کے لیے تیاری ہو سکے۔‘

انہوں نے بتایا کہ جب طلسم ہوشربا کی 24 جلدیں شائع ہو جائیں گی تو ان کا پیپر بیک اور ماس مارکیٹ ایڈیشن بھی شائع کیا جائے گا تاکہ قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے کوئی قاری اس ادبی خزینے سے محروم نہ رہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ادب