پاکستان کی ایران میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

زاہدان میں پولیس سٹیشن پر حملے میں دو اہلکاروں کی موت پر پاکستان نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

صوبائی پراسکیوٹر مہدی شمس آبادی کے مطابق زاہدان کے پولیس سٹیشن نمبر 16 میں فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا (تصویر: عصر ایران/ انڈپینڈنٹ فارسی)

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ مسلح افراد نے ہفتے کو ایران کے شورش زدہ جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں ایک تھانے پر خود کش حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس افسر جان سے گئے جب کہ چار حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا کہ حملے کے دوران ’چاروں دہشت گرد‘ اور دو پولیس افسر مارے گئے۔ دیگر ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تین حملہ آور مارے گئے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے آج ایک بیان میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان ’آج زاہدان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں دو ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کی جانیں گئیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘
’پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صوبائی پراسکیوٹر مہدی شمس آبادی کے حوالے سے بتایا کہ زاہدان کے پولیس سٹیشن نمبر 16 میں فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دو حملہ آوروں نے پولیس سٹیشن کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ تیسرا اندر داخل ہو گیا۔

تاہم سیستان بلوچستان کے ڈپٹی سکیورٹی افسر علی رضا مرحمتی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں خودکش حملہ آوروں کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’حملہ آوروں نے اندر داخل ہونے کے لیے گرینیڈز کا استعمال کیا اور یہ خودکش حملہ نہیں تھا۔‘

انڈپینڈنٹ فارسی کے مطابق علی رضا مرحمتی نے مزید بتایا کہ تمام حملہ آور مارے گئے جبکہ صورت حال اب سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا