ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ سعودی عرب متوقع

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ریاض کے دورے کی تاریخ کا سرکاری اعلان نہیں ہوا، تاہم ایرانی نیوز ویب سائٹ ایران کنٹس کے مطابق وہ 17 اگست کو روانہ ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان (دائیں) اور ان کے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان 17 جون 2023 کو تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران (عطا کینر/ اے ایف پی)

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ امیرعبداللہیان کے سعودی عرب کے دورے میں اقتصادی تعلقات سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اگرچہ کنعانی نے دورے کی صحیح تاریخ کا انکشاف نہیں کیا، لیکن ایران سے تعلق رکھنے والی نیوز ویب سائٹ ایران کنٹس نے ہفتے کے روز خبر دی تھی کہ امیر عبداللہیان 17 اگست کو ریاض روانہ ہونے والے ہیں۔

سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان سات سال کے بعد تعلقات بحال ہوئے تھے۔

جون میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تہران کا تاریخی دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے حسین امیر عبداللہیان اور صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کنعانی نے کہا کہ اگرچہ صدر ابراہیم رئیسی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی تھی، لیکن ابھی اس کی خاص تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور ’مناسب وقت‘ پر اس کا تعین کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔

مارچ میں طے شدہ معاہدے کے تحت ریاض اور تہران نے ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل طے پانے والے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔

سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر لیے تھے اور ایران میں تعینات سفارتی عملہ کو واپس بلا لیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا