ریئلٹی ٹی وی شو ’بِگ برادر‘ کے ہسپانوی ورژن ’گران ہرمانو‘ کے مقابلے میں حصہ لینے والی ایک خاتون کو اپنے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا اُس وقت علم ہوا جب انہیں ڈائری روم میں اسے دیکھنے پر مجبور کیا گیا۔
کارلوٹا پراڈو، شراب نوشی کے بعد مکمل مدہوش تھیں اور وہ اس بارے میں اُس وقت تک لاعلم رہیں، جب کچھ گھنٹوں بعد اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے لیے انہیں ڈائری روم میں بھیجا گیا۔
ریئلٹی ٹی وی شو کی اس ویڈیو، جو کبھی آن ایئر تو نہیں ہوئی تاہم ہسپانوی میڈیا پر رواں ہفتے لیک ہو گئی تھی، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارلوٹا پراڈو اس ویڈیو کو دیکھ کر اپنے چہرے پر بار بار ہاتھ پھیر رہی تھیں اور سر کو آہستہ آہستہ ہلا رہی تھیں جیسے وہ کہنا چاہتی ہوں کہ کوئی اس ویڈیو کو بند کر دے۔
تنہائی میں اس ویڈیو کو دیکھتے ہوئے ان کی آواز سنائی دیتی ہے جس میں وہ کہتی ہیں ’پلیز سپر، مہربانی کرکے اسے فوراً بند کر دیں۔ ’دی سپر‘ اس ریئلٹی شو میں خفیہ آواز کے کردار کو کہا جاتا ہے۔
اس دوران غم سے نڈھال خاتون کو کمرے میں آگے پیچھے گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد وہ دروازے پر زور زور سے دستک دیتی ہیں تاکہ وہاں سے فرار ہو سکیں تاہم اس کے باوجود انہیں انتظار کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔
دو سال قبل چار نومبر 2017 کو کارلوٹا پراڈو کے شریک ساتھی ہوزے ماریا لوپیز انہیں مدہوشی کی حالت میں ان کے بستر تک لے جانے میں مدد کرتے ہیں۔ بگ برادر کی الکوحل پارٹی کے بعد دونوں میں تعلقات استوار ہو گئے تھے۔
ہسپانوی ڈیجیٹل اخبار ’ایل کانفیڈینشل‘ پر نشر ہونے والی ویڈیو میں کارلوٹا پراڈو، لوپیز کو کہتے ہوئے سنائی دیتی ہیں: ’نہیں، میں ایسا نہیں کر سکتی۔‘
پراڈو کے سو جانے کے بعد لوپیز ان کے بستر میں گھس جاتے ہیں اور یہی وہ لمحہ تھا، جس کے بعد لوپیز پر پراڈو کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس واقعے کے کئی منٹ بعد شو کی پروڈکشن ٹیم سپیکر پر لوپیز کو متنبہ کرتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لوپیز کو اُسی روز شو سے بے دخل کر دیا گیا تھا اور کارلوٹا پراڈو کو ڈائری روم بھیجا گیا جہاں انہوں نے اس بارے میں پہلی بار جانا کہ سوتے ہوئے ان کے ساتھ کیا ہوچکا ہے۔
دوسری جانب لوپیز نے جنسی زیادتی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ ان کے وکیل انٹونیو میڈرڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے موکل پوری رات مس پراڈو کی دیکھ بھال کرتے رہے تھے کیوں کہ وہ شراب نوشی کے باعث پوری طرح مدہوش تھیں۔
کارلوٹا پراڈو کے برعکس پروڈکشن کمپنی ’زیپیلن‘ نے پولیس کو اس واقعے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
اس واقعے کے بعد شو میں واپسی سے قبل وہ کئی دن ہوٹل میں مقیم رہیں اور 2018 میں انہوں نے اس واقعے کے خلاف پولیس کو باقاعدہ شکایت درج کرائی۔
ہسپانوی قانون کے تحت جنسی حملے کو ریپ جتنا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے اور اس کی سزا 15 سے 20 سال قید ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس جنسی بدسلوکی کو کم سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔
ہسپانوی قانون کے تحت جنسی زیادتی کے جرم کو ثابت کرنے کے لیے تشدد اور دھمکیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
بگ برادر کی پروڈکشن کمپنی ’اینڈیمول شائن گروپ‘ نے بی بی سی کو بتایا کہ رات کو کام کرنے والی پروڈکشن ٹیم کو شک ہوا جس کے بعد انہوں نے شو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کو اس واقعے کے بارے میں مطلع کیا۔
کمپنی نے یہ بھی کہا کہ مبینہ جنسی حملے کی فوٹیج نشر کرنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن اس ویڈیو کلپ کو پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔
اینڈیمول نے اعتراف کیا کہ مس پراڈو کو اس واقعے کے بارے میں ڈائری روم میں لے جا کر بتانا ایک سنگین غلطی تھی۔
© The Independent