خالد مقبول صدیقی کے استعفے کے بعد ایم کیو ایم کی ناراض قیادت کو منانے کے لیے تحریک انصاف کا وفد آج ایک مرتبہ پھر جہانگیر ترین کی قیادت میں بہادرآباد پہنچا۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں واضح پیش رفت سامنے آئے گی۔
حکومتی وفد سے بات چیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے جس میں کراچی کے عوام کا فائدہ ہے۔
’پی ٹی آئی حکومت کی جمہوری حمایت جاری رکھیں گے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام مسائل تحریک انصاف کو بتائے تھے۔ ہم نے حکومت میں شامل ہونے سے پہلے شہری علاقوں کے مسائل ان کے سامنے رکھے۔ پی ٹی آئی بھی گواہ ہے کہ شخصی یا جماعتی مفاد کی بجائے عوامی مفاد کے لیے بات کی۔ ہم سندھ کے شہریوں کا کیس لڑ رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کرنے والے حکومتی وفد کے رکن وزیر دفاع پرویز خٹک نے اس موقعے پر کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں سے کامیاب مذاکرات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں دوبارہ ملاقات کریں گے۔ جو کمی رہ گئی ہے پوری ہو جائے گی۔ ایم کیوایم ہمارے ساتھ ہی ہے صرف کابینہ سے الگ ہوئی۔‘ ہم نے ایم کیو ایم کو واپسی کے لیے کہا ہے وہ خود فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دفاتر کھولنے اور لاپتہ افراد کے معاملے پر جلد ایم کیوایم سے ملاقات ہوگی۔ ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہماری نیت صاف ہے۔ فیصلوں کے ثمرات سامنے آنے میں وقت لگتا ہے۔ عمران خان نے سخت فیصلے ملک کو ٹریک پر لانے کے لیے کیے۔‘