وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے گذشتہ روز بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پاور ڈویژن نے اس سے مستفید ہونے والوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
ان تفصیلات کے مطابق 50 یونٹ تک خرچ کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے بجلی کے نرخ فی یونٹ چار روپے 78 پیسے، جب کہ 51 سے 100 یونٹ تک خرچ کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت نو روپے 37 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پروٹیکٹیڈ (محفوظ) صارفین کے لیے نرخ 14 روپے 67 پیسے سے کم کر کے آٹھ روپے 52 پیسے اور 101 سے 200 یونٹ خرچ کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے ایک یونٹ کا نرخ 17 روپے 65 پیسے سے کم کر کے 11 روپے 51 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نئے نرخوں کے مطابق: 300 یونٹ تک خرچ کرنے والے نان پروٹیکیڈ (غیر محفوظ) صارفین کے لیے بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت 41 روپے 26 پیسے سے کم کر کے 34 روپے 3 پیسے جبکہ نان پروٹیکیڈ 300 یونٹ سے زیادہ خرچ کرنے والے صارفین کے لیے 55 روپے 70 پیسے سے کم کر کے 48 روپے 46 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
کمرشل کیٹگری کے صارفین کے لیے نرخ 71 روپے چھ پیسے سے کم کر کے 62 روپے 47 پیسے، جنرل سروسز کے صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت 56 روپے 66 پیسے سے کم کر کے 49 روپے 48 پیسے مقرر کی گئی ہے اور صنعتوں کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت 48 روپے 19 پیسے سے کم کر کے 40 روپے 51 پیسے مقرر ہوئی ہے۔
بلک کیٹگری صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت 55 روپے پانچ پیسے سے کم کر کے 47 روپے 87 پیسے ہو گی اور زرعی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت 41 روپے 76 پیسے سے کم کر کے 34 روپے 58 پیسے کر دی گئی ہے۔
محفوظ اور غیر محفوظ صارفین
بجلی کے استعمال کے مطابق گھریلو صارفین کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے، جنہیں محفوظ (Protected) اور غیر محفوظ (Non-Protected) صارفین کا نام دیا گیا ہے اور دونوں کے لیے بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت مختلف ہے۔
محفوظ صارفین سے مراد کم بجلی خرچ کرنے والے افراد ہیں اور ان کے لیے فی یونٹ قیمتیں دیگر صارفین سے مختلف ہوتی ہیں۔ ان ریٹس کا اطلاق صرف ان صارفین پر ہوتا ہے، جو چھ ماہ تک مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر مہینے 50 یونٹس تک خرچ کرتے ہیں۔
غیر مستقل مزاجی کا مظاہرہ (چھ مہینوں میں سے کسی بھی مہینے 50 یونٹس سے زیادہ خرچ) کرنے والے صارفین کو کم ریٹس کی سہولت نہیں دی جاتی اور ان پر غیرمحفوظ صارفین کے لیے بنائے گئے نرخوں کا اطلاق کیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں سات روپے 41 پیسے فی یونٹ اور کمرشل صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔