پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 2025 میں ہونے والے دسویں ایڈیشن میں بھی انڈپینڈنٹ اردو، پشاور زلمی کا ڈیجیٹل پارٹنر ہو گا۔
پشاور زلمی نے منگل کو ایکس پر یہ خبر شیئر کی۔
پشاور زلمی نے اپنی پوسٹ میں لکھا: ’ہم فخریہ انداز میں اعلان کرتے ہیں کہ انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ بطور ڈیجیٹل نیوز پارٹنر، پی ایس ایل 10 کے لیے بھی ہماری شراکت داری جاری ہے۔‘
انڈپینڈنٹ اردو پی ایس ایل 6 سے پشاور زلمی کا برانڈ پارٹنر رہا ہے۔
پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے لیے علاقائی اخبارات میں ’فرنٹیئر پوسٹ‘ جبکہ ریڈیو پر ایف ایم 91 پشاور زلمی کا پارٹنر ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز جمعہ 11 اپریل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ دسویں ایڈیشن میں ایک نمائشی میچ بھی ہوگا جو 8 اپریل کو پشاور میں کھیلا جائے گا تاہم اس بات کا اعلان ابھی نہیں ہوا کہ میچ کن دو ٹیموں کے مابین ہو گا۔
چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں لاہور کا قذافی سٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم 13 مئی کو کوالیفائر 1 سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔