پاکستان کے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے چوتھے کیس کی تصدیق ہونے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ کے محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ’50 سالہ شخص میں کرونا کی تشخیص کے بعد سندھ میں کرونا متاثرین کی تعداد چار ہو گئی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریض کے حال ہی میں کیے جانے والے سفر کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اتوار کو تفتان بارڈر دو ہفتے بعد دوبارہ کھول دیا ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد دونوں ممالک نے سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب مناسب انتظامات کرنے کے بعد بارڈر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اتوار ہی کو ایران میں 24 گھنٹوں میں 49 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جو کہ ایران میں وائرس پھوٹنے کے بعد سے ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
دوسری جانب اٹلی میں بھی چین کے آزمودہ فارمولے پر عمل کرتے ہوئے ایک کروڑ 60 لاکھ لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ جو کہ اٹلی کی آبادی کے چوتھائی حصے سے زائد آبادی بنتی ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 7300 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 366 ہو چکی ہے۔
سوموار کو جنوبی کوریا میں دو ہفتوں کے دوران اب تک رپورٹ کیے جانے والے سب سے کم کرونا کیس سامنے آئے۔ جنوبی کوریا میں چین کے بعد سب سے زیادہ کرونا متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف ی کے مطابق اتوار کو جنوبی کوریا میں 248 کرونا متاثرین کی تصدیق کی گئی جس کے بعد جنوبی کوریا میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سات ہزار تین سو 82 ہو چکی ہے جبکہ 51 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیدر لینڈز میں بھی کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہوچکی ہے جبکہ اتوار تک کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 265 ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 131 افراد حال ہی میں اٹلی سے واپس آئے تھے۔
کرونا وائرس کے خدشات کے باعث دنیا بھر میں اتوار کو ہونے والی کئی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا۔ اتوار کو پوپ کی سرپرستی میں ہونے والی عبادات سے بحرین میں ہونے والی فارمولا ون ریس تک سب ہی کرونا سے متاثر ہوئے۔
جبکہ جاپان میں ہونے والے ایک سومو کشتی کے مقابلے کے دوران ریسلرز فیس ماسک پہن کر اکھاڑے میں اترے لیکن اس سے پہلے انہوں نے اپنے ہاتھ جراثیم کش سپرے سے اچھی طرح صاف کیے۔
سعودی عرب میں بھی سوموار سے سکول اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چین کے صوبے ہیوبے میں جنوری سے قرنطینہ میں رکھے جانے والے چھ کروڑ افراد ابھی تک اپنے گھروں میں بند ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چین کے اقدامات نے پوری دنیا کو کرونا سے نمٹنے میں مدد فراہم کی ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ نو ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ 3800 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
سوموار کو چین کی جانب سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 40 نئے کرونا متاثرین کی تصدیق کی گئی جو کہ 20 جنوری کے بعد سے سامنے آنے والے اعداد و شمار میں سب سے کم تعداد ہے۔ جبکہ 22 ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔
چین میں اس وقت 19 ہزار افراد زیر علاج ہیں جبکہ 58 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔