کرونا وائرس میں مبتلا 70 سالوں سے زائد عرصے سے شادی شدہ ایک معمر جوڑا چند گھنٹوں کے فرق سے ہلاک ہو گیا۔
امریکی جریدے کے مطابق ولفورڈ اور میری کیپلر نے 1946 میں شادی کی تھی اور ولفورڈ کے گر کر زخمی ہونے کے بعد انہیں 12 اپریل کو وِسکونسن کے فروڈٹرٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ہسپتال پہنچنے کے بعد ولفورڈ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جب کہ میری کیپلر، جو پہلے ہی کرونا میں مبتلا ہو چکی تھیں، نے خود کو گھر پر الگ تھلگ کر رکھا تھا۔
ہسپتال منتقل ہونے کے چھ روز بعد ہی یہ جوڑا چھ گھنٹوں کے فرق سے اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔
ملواکی کاؤنٹی میڈیکل ایگزامین آفس کے مطابق میری کرونا وائرس سے 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں جب کہ ولفورڈ کا سر میں زخم کی وجہ سے 94 سال کی عمر میں انتقال ہوا۔
اس جوڑے کے تین بچے، آٹھ پوتے پوتیاں اور چھ پڑ پوتے پوتیاں تھے۔
ان کی پوتی نٹالی لامیکا نے کہا کہ انہوں نے 17 اپریل کو ایک گھنٹہ تک اپنے دادا دادی سے ملاقات کی تھی جو جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے اور وہ پر سکون تھے۔
انہوں نے کہا: 'دادا دادی نے ہمارے لیے وہ سب کام کیے جو زیادہ تر لوگ اپنے بچوں اور خاندان کے لیے کرنا چاہتے ہیں۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ولفورڈ اور میری دونوں نے 1940 کی دہائی میں رِچ لینڈ سینٹر ہائی سکول سے کچھ سالوں کے فرق سے گریجویشن کیا تھا۔
1943 میں اپنی کلاس گریجویشن سے قبل ولفورڈ کو دوسری جنگ عظیم کے لیے فوج میں شامل کیا گیا جس میں وہ اوکیناوا کی جنگ میں شریک ہوئے۔
جب ولفورڈ جنگ میں مصروف تھے۔ میری کو ان کی ایک دوست نے ولفورڈ کے ساتھ خط و کتابت کی ترغیب دی جو ان کے تعلقات کی شروعات ثابت ہوئی۔
جنگ ختم ہونے کے ایک سال بعد یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔ وسکونسن میں مستقل آباد ہونے سے پہلے یہ مختلف علاقوں کے درمیان سکونت اختیار کرتے رہے۔
ولفورڈ نے 35 سال تک مشین ساز کی حیثیت سے کام کیا جب کہ میری 'سٹیل سپلائی' کی نائب صدر بننے والی پہلی امریکی خاتون تھیں۔
اس جوڑے نے اپنی کمیونٹی کے لیے بھی مدد فراہم کی۔ ولفورڈ نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ملواکی وی اے ہسپتال میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں اور میری 'ملواکی کاؤنٹی کمیشن آن ایجنگ' میں شامل ہو گئیں۔
ان کی موت کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ان کی آخری رسومات کا انعقاد نہیں کیا جارہا ہے۔
اعلان میں لکھا ہے: ' فروڈٹرٹ ہسپتال میں ان کے بستر ایک ساتھ تھے اور وہ اپنے آخری ایام کے دوران ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے تھے۔'
میری نے اپنی موت سے پہلے یہ بتایا تھا کہ فرشتے ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
© The Independent