چکن پاکس ویکسین کے مخالف سیاست دان چکن پاکس کا شکار

ماسیمیلیانو فیڈریگا چکن پاکس سمیت بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف ویکسنیشن کو لازمی قرار دینے کے اطالوی حکومت کے فیصلے کے سخت مخالف رہے ہیں۔   

حکمران جماعت ’لیگ پارٹی‘ سے تعلق رکھنے والے سینئر رکن ماسیمیلیانو فیڈریگا حال ہی میں چکن پاکس کا شکار ہوکر اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ تصویر: یوٹیوب سکرین گریب

چکن پاکس کے خلاف بچوں کی لازمی ویکسینیشن کی حکومتی پالیسی کی پرزور مخالفت کرنے والے اطالوی سیاست دان خود ہی چکن پاکس کا شکار ہوگئے۔

اٹلی کے نائب وزیراعظم میٹیو سالوینی کی دائیں بازو کی جماعت ’لیگ پارٹی‘ سے تعلق رکھنے والے سینئر رکن ماسیمیلیانو فیڈریگا حال ہی میں چکن پاکس کا شکار ہوکر اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔

فیڈریگا نے ہسپتال سے چھٹی کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا کہ گزشتہ ہفتے چکن پاکس کی تشخیص کے بعد انہوں نے چار دن ہسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں گزارے۔  

ان کا کہنا تھا، ’میں ٹھیک ہوں۔ اپنے گھر پر ہوں اور سب کا شکر گزار ہوں۔‘

ماسیمیلیانو فیڈریگا چکن پاکس سمیت بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف ویکسنیشن کو لازمی قرار دینے کے اطالوی حکومت کے فیصلے کے سخت مخالف رہے ہیں۔   

2017 میں خسرے کی وبا پھیلنے کے بعد اطالوی حکومت نے ایک قانون سازی کی تھی، جس کے تحت ویکسین نہ لگوانے والے بچوں پر نرسری یا پری اسکول کلاسز میں شرکت پر پابندی لگائی گئی یا پھر اُن کے والدین پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

جب ماسیمیلیانو فیڈریگا، اطالوی پارلیمنٹ میں لیگ پارٹی کے چیمبر آف ڈپٹیز کے سربراہ تھے، تب انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ والدین کو ’جبراً‘ بچوں کی ویکسینیشن پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔  

ایک انٹرویو میں انہوں نے اُس وقت کی حکمران جماعت ‘دی ڈیموکریٹک پارٹی‘ کو  اپنی پالیسی عوام پر مسلط کرنے پر ’اسٹالن پرست‘ قرار دیا تھا۔

اپنی صحت یابی کے بعد فیس بک پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے اصرار کیا کہ ’وہ ویکسین کے خلاف مہم کے حامی نہیں ہیں، جس میں شامل لوگ اکثر بے بنیاد حفاظتی خدشات کی وجہ سے اپنے بچوں کی ویکسینیشن نہیں کرواتے۔‘

انہوں نے لکھا: ’میں ٹوئٹر پر وہ تبصرے پڑھ رہا ہوں، جو میرے ہسپتال میں ہونے کی وجہ سے جشن کے طور پر لکھے جارہے ہیں۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں ویکسینز کے حق میں ہوں مگر بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے والدین کے ساتھ اتحاد ہونا چاہیے، ان پر پالیسی مسلط نہیں کرنی چاہیے۔‘    

ماسیمیلیانو فیڈریگا نے مزید کہا کہ ’لوگوں نے یہ تک کہا کہ انہیں ان کے بچوں سے چکن پاکس لگا، یہ جانے بغیر کہ ان کے بچوں کو ویکسین لگوائی گئی تھی، جیسے کہ انہوں نے بہت سے انٹرویوز میں بتایا ہے۔’

حالیہ چند برسوں سے اٹلی کی سیاست میں ویکسین ایک اہم مسئلہ رہی ہے۔

’میڈیکل فیکٹس‘ نامی ایک ویب سائٹ چلانے والے مشہور اٹالین ڈاکٹر روبرٹو بیوریونی نے اس حوالے سے فیڈریگا کو مخاطب کرکے فیس بک پر لکھا، ’ سب سے پہلے میں آپ کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا کرنا چاہتا ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ آپ نے اپنے بچوں کو ویکسین لگوائی۔‘

انہوں نے مزید لکھا، ’بہت سے بالغ افراد کی طرح ماسیمیلیانو فیڈریگا نے بھی ویکسین نہیں لگوائی تھی، اگر انہوں نے ایسا کیا ہوتا تو آج ان کی صحت بہترین ہوتی۔‘

روبرٹو بیوریونی نے مزید لکھا، ’اس طرح کے المیوں سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اس خطرناک وائرس کے خلاف سب لوگوں کی ویکسینیشن ہو۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا