الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کی درخواست کو 22 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے چار اراکین قومی اسمبلی نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے ویڈیو اسکینڈل کی بنیاد پر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی تھی۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’آڈیو ویڈیو ٹیپ کی صداقت دیکھنا ہوتی ہے، ہم کسی ایم این اے اور ایم پی اے کو نہیں جانتے، مرکزی مجرم وہ ہیں جو مستفید ہو رہے ہیں۔‘
الیکشن کمیشن نے مزید کہا: ’ہم چاہتے ہیں کہ آپ ان افراد کا بھی ہمیں بتا دیں تاکہ ہم انہیں یہاں لائیں، یہ جمہوریت کا حسن ہے، اس لیے ووٹ کو خفیہ رکھا گیا ہے۔‘
جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ’اس حسن نے ہمیں اتنا تنگ کیا کہ آج ہم یہاں آرہے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقع پر الیکشن کمیشن میں ویڈیو بنانے والے شخص کا حلف نامہ بھی پیش کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ ’ہمارا پہلا حصہ تھا کہ اس کیس کو قابل سماعت قرار دیا جائے اور دوسرا حصہ تھا کہ ایوان کے اوپر کالا داغ لگنے سے بچایا جائے، لیکن الیکشن کمیشن نے ہماری استدعا کو نہیں مانا۔‘ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ آج ’پاکستان تحریک انصاف نہیں ہاری بلکہ پاکستان کے عوام ہارے ہیں۔‘
اس موقع پر فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن نے تمام تر ویڈیوز دیکھیں اور ہمارے ثبوت میں جان ہے، الیکشن کمیشن تسلیم کر رہا ہے اور اس بنیاد پر ان کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ضمیروں کے سودے کرکے یوسف رضا گیلانی سینیٹر بنے ہیں۔‘
واضح رہے کہ تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دی تھی، جس پر پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں جیت کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔