پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین 80 برس کی عمر میں کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن سندھ کے میڈیا کوارڈینیٹر خواجہ طارق نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ سابق صدر ممنون حسین آغا خان ہسپتال میں گذشتہ 15 روز سے زیر علاج تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ممنون حسین سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔
ممنون حسین 2013 سے 2018 کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے دورہ حکومت میں صدر پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔
ان کے انتقال پر پاکستان کی سیاسی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) July 14, 2021
صدر مملکت کا سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار
پاکستان کے موجودہ صدر عارف علوی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر افسوس اور گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں دعا کی: ’اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے بھی سابق صدر پاکستان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) July 14, 2021
سابق صدرِ پاکستان ممنون حسین کےانتقال کا سن کر افسردہ ہوں۔ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطاء فرمائے۔ آمین pic.twitter.com/A8214JcEnF
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’سابق صدرِ پاکستان ممنون حسین کے انتقال کا سن کر افسردہ ہوں۔ ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
سابق صدر ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو تقسیم برصغیر سے قبل آگرہ میں پیدا ہوئے اور وہ 1949 میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان منتقل ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے 1963 میں کراچی یونیورسٹی سے کامرس میں گریجویشن کیا اور پھر ماسٹرز ڈگری آئی بی اے کراچی سے 1965 میں حاصل کی۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے آغاز میں اپنے والد کے کاروبار میں ان کا ہاتھ بٹایا تاہم بعد میں وہ اپنے ٹیکسٹائل کے کاروبار میں مصروف ہو گئے۔
انہوں نے پاکستانی سیاست میں 1968 میں مسلم لیگ میں شمولیت سے قدم رکھا اور جلد ہی جواینٹ سیکریٹری بن گئے۔
اس کے بعد ممنون حسین نے 1993 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کے ساتھ قومی سطح پر اپنی سیاست کا آغاز کیا۔ ابتدا میں وہ صوبہ سندھ میں مسلم لیگ ن کے سیکریٹری فنانس رہے اور پھر 2001 میں انہیں جماعت کا سندھ میں جنرل سیکریٹری بنا دیا گیا۔
ممنون حسین اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بنا پر مسلم لیگ ن سندھ کے سینیر نائب صدر بھی رہے۔ وہ 1997-98 میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔
جون 1999 میں ممنون حسین نے گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالا تاہم وہ زیادہ عرصے تک اس عہدے پر نہ رہ سکے اور 12 اکتوبر 1999 کو مسلم لیگ ن کی حکومت کے خاتمے پر انہیں بھی اس عہدے کو چھوڑنا پڑ گیا۔