گذشتہ روز ترک ہیکروں کے ایک گروپ نے بالی وڈ میگا سٹار امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیا، اور منگل کو پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع خان اسی کی زد میں آ گئے اور یہ سائبر فنکار ان کا اکاؤنٹ بھی لے اڑے۔
گروپ نے دونوں اکاؤنٹس پر پاکستانی وزیرِاعظم عمران خان کی تصاویر لگا دیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دونوں اکاؤنٹس پر یہ پیغام بھی چسپاں کیا: ’جو کوئی ہمارے برادر ملک پاکستان سے غداری کرے گا، اسے پاکستانی وزیرِ اعظم کی تصویر اور پاکستانی جھنڈا دیکھنا پڑے گا۔‘
خود ان ہیکروں کے اپنے اعلان کے مطابق اس گروپ کا نام اے یلدز ٹیم ہے۔ اس گروپ کا تعلق ترکی سے ہے اور اب تک وہ درجنوں ویب سائٹیں ہیک کر چکے ہیں۔
اے یلدز ٹیم بھارت کو کیوں نشانہ بنا رہا ہے؟
یہ ہیکر گروپ مختلف ویب سائٹیں ہیک کر چکا ہے جس میں اقوامِ متحدہ کی ویب سائٹ بھی شامل ہے، تاہم حال میں اس نے اپنی توانائیاں بھارت پر مرکوز کر دی ہیں۔
امیتابھ بچن اور عدنان سمیع کے علاوہ اسی گروپ نے پچھلے سال بالی وڈ اداکار شاہد کپور کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک کیے تھے۔
انہوں نے شاہد کپور کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ بھی کی تھی: ’آئی لو یو، قطرینہ کیف۔‘
سوال یہ ہے کہ یہ گروپ بھارت کو کیوں نشانہ بنا رہا ہے؟ اس کا جواب اے یلدز ٹیم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مل جاتا ہے، جہاں وہ کہتے ہیں:
’بھارتی ریاست جو رمضان کے مہینے میں مسلمانوں پر بےرحمانہ حملے کرتی ہے، وہ فی زمانہ امتِ محمد کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی مسلمانوں کی حفاظت عبدالحمید نے ہمارے ذمے لگائی تھی۔‘
بظاہر اس بیان میں عثمانی خلیفہ عبدالحمید ثانی کی طرف اشارہ ہے جنہوں نے برطانوی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں پر ظلم و ستم نہ کرے۔
’ستارے کی ٹیم:‘ ہیکر گروپ کا پس منظر
اس گروپ کا قیام 2002 میں عمل میں آیا تھا اور اس کا اپنا ٹوئٹر، فیس بک پیج اور انسٹاگرام اکاؤنٹ موجود ہے۔
اے یلدز ٹیم کے لوگو میں ایک آٹھ پہلو ستارہ دکھایا گیا ہے جب کہ اس کے نیچے دو مونہوں والا عقاب بھی ہے۔ ایک اور لوگو میں ایک اور عقاب دکھایا گیا ہے جس نے دنیا کو اپنے پنجے میں اٹھا رکھا ہے۔
جہاں تک اس کے نام کا سوال ہے تو ترکی میں یلدز کا مطلب ستارہ ہوتا ہے، جب کی tim دراصل انگریزی لفظ team ہے۔
یہ گروپ ایک طرف تو اپنے آپ کو اسلامسٹ قرار دیتا ہے اور دوسری طرف اپنا ناطہ ترکی کے سیکیولر رہنما کمال اتاترک سے بھی جوڑتا ہے۔
انہوں نے جب اقوامِ متحدہ کی ویب سائٹ ہیک کی تھی تو اس پر دولتِ اسلامیہ کا جھنڈا لگا دیا تھا۔
یہ گروپ اپنے آپ کو فوج کا حصہ سمجھتا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ وہ سائبر دنیا میں ترکی اور اسلامی مفادات کا تحفظ کر رہا ہے۔
اس گروپ کے ارکان کی تشکیل فوجی عہدوں کی طرز پر کی جاتی ہے۔