ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز، شان مسعود نظر انداز

پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا۔

شان مسعود 24 مارچ، 2019 کو شارجہ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاٹ کھیلتے ہوئے  (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پیر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے زیادہ تر سینیئر کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے اس دورے کے لیے نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑی منتخب کیے ہیں کیونکہ وہ اس دورے سے نیا ٹیلنٹ دریافت کرنا چاہتا ہے۔

پی سی بی کے چیف سلیکٹر محمد وسیم اگرچہ کچھ دن قبل اشارہ دے  چکے تھے کہ دورے کے لیے بالکل نئی ٹیم کو منتخب نہیں کیا جا سکتا۔

اس کے باوجود امید کی جا رہی تھی کہ سکواڈ میں نیا ٹیلنٹ بھی شامل ہو گا۔

اعلان شدہ سکواڈ میں محمد حارث کے علاوہ تمام وہ کھلاڑی ہیں جو تواتر کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز 2023 ورلڈکپ کی کوالیفکیشن کی سیریز ہے اس لیے رسک نہیں لے سکتے۔

سکواڈ میں آصف علی، عثمان قادر اور حیدر علی کو ڈراپ کردیا گیا جبکہ سعود شکیل کی شمولیت کو قابل بحث نہیں سمجھا گیا۔

اسی طرح رواں سیزن میں کاؤنٹی میں رنز کا ڈھیر لگانے والے شان مسعود کو نظر انداز کر دیا گیا لیکن افتخار احمد اور محمد نواز کی شمولیت کی سلیکٹرز وجہ نہ بتا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی نے گذشتہ نیشنل کپ کے بہتر پرفارمرز کو بھی مکمل نظر انداز کیا حالانکہ اس ٹورنامنٹ سے پہلے بورڈ دعوے کر رہا تھا اس میں پرفارمنس کی بنیاد پر قومی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ تاہم سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آٹھ سے 12 جون تک راولپنڈی میں تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے جو ممکن ہے کہ لاہور یا ملتان منتقل کردیے جائیں۔

پاکستان کا سکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، محمد رضوان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، خوشدل شاہ، افتخار احمد، شاہنواز دھانی، وسیم جونئیر اور زاہد محمود۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ