پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعے کو اعلیٰ ملٹری افسران کا اہم ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی دفاعی اور سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کی صدارت چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کی۔ اجلاس میں تمام سروسز چیفس موجود تھے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اجلاس میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اجلاس میں مغربی سرحد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے متعلق قومی سلامتی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور فوج کے ردعمل کی روشنی میں افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اجلاس کے شرکا نے مسلح افواج کے تمام خطرات کا جواب دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
فوج کے اعلیٰ حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔
اس کے علاوہ اجلاس نے سٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں کے دائرے میں تیز رفتار پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس نے خطے میں پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی اہمیت اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔