پالتو پِٹ بُل کتے نے 70 سالہ مالکن کو مار ڈالا

پولیس کے مطابق: ’کتا اپنی پوری زندگی اس خاندان کے ساتھ رہتا رہا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کس وجہ سے پرتشدد ہوا۔‘

23 فروری 2013 کو ریو ڈی جنیرو کا رہائشی اپنے پٹ بل کتے کے ساتھ (فائل تصویر: اے ایف پی)

امریکہ میں لانگ آئی لینڈ کی رہائشی ایک 70 سالہ خاتون کی مسخ شدہ لاش ان کے گھر کے عقبی حصے سے ملی ہے، جسے پٹ بل نسل کے گھریلو کتے نے مارنے کے بعد کھا لیا تھا۔

نساؤ کاؤنٹی پولیس کے مطابق بدھ کو البرٹسن کی رہائشی خاتون مرینا ویریسٹ پر ان کے سات سالہ کتے نے حملہ کیا اور انہیں گھسیٹ کر گھر کے عقبی حصے میں لے گیا۔ جب ان کے شوہر دوپہر کو گھر لوٹے تو انہوں نے اپنی بیوی کو مردہ پایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے دوپہر ایک بجے کے قریب کتے کو لاش کھاتے ہوئے دیکھا اور پولیس کو فون کیا۔

مبینہ طور پر جب پولیس پہنچی تو کتے نے ایک افسر پر بھی حملہ کیا، جس کے بعد انہوں نے کتے کو گولی مار دی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والی ایمرجنسی سروس نے خاتون کو وہیں مردہ قرار دے دیا۔

نساؤ کاؤنٹی کے پولیس کمشنر پیٹرک رائیڈر نے بتایا کہ کتے کو گولی مارنے والا افسر سکتے میں آ گیا تھا اور فی الحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق رائیڈر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’یہ منظر بہت ہولناک تھا۔ معلوم نہیں کہ کتے نے حملہ کس وقت کیا لیکن ظاہر ہے کہ جسم، بازو، چہرے اور ٹانگوں پر بہت زیادہ نشانات تھے۔ افسر نے ایک بہت تکلیف دہ چیز دیکھی تھی، ہم اپنے افسران اور ان کی صحت کا خیال رکھتے ہیں۔‘

نیویارک پوسٹ نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کتا اس جوڑے کے سوتیلے بیٹے کا تھا، جو ان کے ساتھ رہتا تھا اور چند ہفتے قبل موٹر سائیکل حادثے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

پولیس کمشنر پیٹرک رائیڈر نے کہا: ’کتا بھی اپنی پوری زندگی اس خاندان کے ساتھ رہتا رہا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کس وجہ سے پرتشدد ہوا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ کتے نے ایسا کس وجہ سے کیا اور خاتون پر حملہ کیوں کیا۔ قبل ازیں اس گھر کے متعلق یا کتے کے بارے میں کوئی کال نہیں آئی۔

پٹ بل کتے جارحانہ نسل کے طور مشہور ہیں اور اگر انہیں خطرے، بیماری یا ناقص خوراک کا احساس ہوجائے تو وہ انسانوں پر حملہ کر سکتے ہیں۔

اگرچہ کوئی بھی جانور ظلم کی وجہ سے پرتشدد ہو سکتا ہے، لیکن کچھ نسلوں کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔

اکثر پٹ بل کے حملوں سے متعلق واقعات اس صورت میں پیش آتے ہیں جب کوئی انسان دو کتوں کی لڑائی کے درمیان آجائے، کتے کو شکار کی بو آ جائے یا اگر وہ پریشان ہوں۔

ڈاگ بائیٹ لا نامی ویب سائٹ کے مطابق اگرچہ دنیا بھر میں کتوں کی مختلف نسلوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے اعداد و شمار کی کمی ہے لیکن 2021 میں کتوں نے 51 امریکیوں کو ہلاک کیا جن میں سے 37 کو ایک یا ایک سے زائد پٹ بل نسل کے کتوں نے ہلاک کیا۔ ان متاثرین میں سے 21 یا تو پٹ بل کے مالک تھے یا مالک کے خاندان کے فرد تھے۔

تاہم، پٹ بل بہت سے امریکیوں میں ایک مقبول اور پسندیدہ نسل ہے اور بہت سے لوگ ایسی پناہ گاہوں جہاں کتوں اور بلیوں کو دوسروں کے ساتھ مل کر رہنے کی تربیت دی جاتی ہے، سے لینے کی بجائے کتے پالنے والوں سے خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ہیومن سوسائٹی یو ایس کے مطابق امریکہ میں ہر سال 10 لاکھ سے زائد کتوں اور بلیوں کو مارا جاتا ہے کیونکہ بہت سے پالتو جانور پناہ گاہوں میں آتے ہیں اور بہت کم لوگ پناہ گاہوں سے پالتو جانور لیتے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ