بالی وڈ اداکار عامر خان کی 1994 میں بننے والی ہالی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ سے ماخوذ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ 11 اگست کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
فلم میں کرینہ کپور خان بھی ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری فلم ’سیکرٹ سپر سٹار‘ کے ہدایت کار ادویت چندن نے کی ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فلم کی ریلیز سے قبل عامرخان نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں انکشاف کیا کہ فلم کی پری پروڈکشن کے دوران ایک وقت میں ان کی خواہش تھی کہ ان کے بیٹے جنید خان مرکزی کردار لال سنگھ چڈھا ادا کریں۔
جب ایک صحافی نے مسٹر 'پرفیکشنسٹ' سے پوچھا کہ کیا انہوں نے انگلش فلم فارسٹ گمپ کے ہیرو ٹام ہینکس کی اداکاری دیکھی ہے تو انہوں نے منفی انداز میں جواب دیا اور کہا کہ انہیں فلم دیکھنے کا کبھی خیال نہیں آیا۔
’میں نے فارسٹ گمپ کو بہت پہلے دیکھا تھا لیکن جب سکرپٹ میرے پاس آیا تو یہ میرا پروجیکٹ بن گیا۔ ہم نے کبھی بیٹھ کر اصل فلم نہیں دیکھی۔
’شوٹنگ کے دوران ہم نے حوالے کی خاطر کچھ مناظر دیکھے لیکن پوری فلم کبھی نہیں دیکھی۔ تاہم فلم بنانے کے دوران ایک عجیب بات ضرور ہوئی تھی۔‘
اس کے بعد عامر خان نے مزید بتایا کہ اگرچہ ادویت چندن نے سپر سٹار سنگر کے ساتھ بہت اچھا کام کیا ہے لیکن لال سنگھ چڈھا جیسی مشکل فلم کو دیکھتے ہوئے انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ یہ پروجیکٹ انہیں دیں گے یا نہیں۔ اور اس طرح انہوں نے انہیں اپنی ٹیم بنانے اور کچھ منتخب شدہ مناظر کی عکس بندی کرنے کو کہا۔
اسی وقت جنید اپنی تربیت کے بعد لاس اینجلس (ایل اے) سے واپس آئے تھے اور عامر خان کے مشورے پر ادویت چندن نے جنید کےساتھ ٹیسٹ ویڈیوز شوٹ کیں۔
عامر نے مسکراتے ہوئے مزید کہا کہ اس طرح یہ ان دونوں کے لیے ایک ٹیسٹ بن گیا۔ عامر کے مطابق جب انہوں نے اپنی سابق اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ ٹیسٹ ویڈیو دیکھی تو وہ حیران رہ گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جنید کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے میں لال کو دیکھا۔
’میں جانتا تھا کہ میرا موقع گیا۔ لال والی وہ معصومیت اس میں موجود تھی جبکہ مجھے اس کی ایکٹنگ کرنی تھی۔ میں نے یہ فلم اپنے خاندان، راجو ہیرانی، کرن جوہر سے لے کر آدتیہ چوپڑا تک کے دوستوں اور ساتھیوں سمیت 100 کے قریب لوگوں کو دکھائی اور 98 لوگوں نے محسوس کیا کہ مجھے انہیں فلم میں لینا چاہیے۔‘
تاہم فلم کے سکرپٹ رائٹر اداکار اتل کلکرنی اور آدتیہ چوپڑا بضد تھے کہ ان کی بجائے عامر خان کو یہ فلم کرنی چاہیے۔
انہوں نے دلیل دی کہ ’فلم پلاٹ پر مبنی نہیں تھی بلکہ اس کی کہانی مرحلہ وار تھی اور اس طرح ایک نئے اداکار کو اس میں کام نہیں کرنا چاہیے۔ طویل دلائل کے بعد بالآخر میں نے ان کی بات مان لی۔‘
عامر خان نے کہا کہ لال سنگھ چڈھا کے لیے ٹام ہینکس کے بجائے وہ جنید کی کارکردگی سے متاثر ہوئے۔
بالی وڈ ادا کار نے مزید کہا کہ ان کے بیٹے نے کردار کے لیے صحیح انداز اپنایا اور انہوں نے اپنی اداکاری کے لیے بھی اسی انداز کا انتخاب کیا۔
اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ جنید خان نے اس پر کیا رد عمل ظاہر کیا تو عامر خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا کافی عملی انسان ہے اور وہ خود بھی یہ فلم کرنے کے خلاف تھا کیونکہ انہیں لگا کہ نئے اداکار کے لیے یہ بہت زیادہ بجٹ والا پراجیکٹ ہے۔
تاہم عامر خان نے کہا کہ یہ واقعہ اس نوجوان اداکار کے لیے مایوس کن ہوسکتا ہے لیکن اس سے انہیں ایک اہم سبق ملا ہوگا۔
عامر خان نے کہا:’ ہوسکتا ہے بعض اوقات آپ واقعی بہت اچھے ہوں لیکن وقت ٹھیک نہیں ہوتا۔‘
انہوں نے یہ بھی قبول کیا کہ بحیثیت والد یہ صورت حال ان کے لیے کافی افسوس ناک تھی لیکن فلم کی خاطر انہیں یہ کرنا پڑا۔