ملکہ الزبتھ کی موت کے بعد برطانیہ میں فٹبال، کرکٹ، ہارس ریسنگ سمیت کھیلوں کے کئی مقابلے ملتوی کر دیے گئے۔
ملک کی فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف اے) نے نو سے 11 ستمبر کے درمیان انگلینڈ میں ہونے والے تمام فٹ بال میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملک میں جاری پریمیئر لیگ اور انگلش فٹ بال لیگ (ای ایف ایل) نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ملکہ کی وفات کے سوگ میں فکسچر کے اپنے اگلے راؤنڈ کو ملتوی کر رہے ہیں۔
برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک تخت پر براجمان رہنے والی ملکہ الزبتھ دوم کا جمعرات کو 96 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
برطانیہ کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا: ’ملکہ کے انتقال کے بعد احترام کے طور پر انگلش فٹ بال کی تمام فرنچائزز نو سے 11 ستمبر کے درمیان تمام فٹ بال میچز ملتوی کرنے کے لیے متحد ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایف اے اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ بارکلیز ویمنز سپر لیگ، بارکلیز ویمنز چیمپئن شپ، وائٹلٹی ویمنز ایف اے کپ، اور اسوزو ایف اے ٹرافی کے اس ہفتے ہونے والے تمام فٹ بال فکسچر ملتوی کر دیے جائیں گے۔‘
ایف اے نے مزید کہا کہ فٹ بال کے بڑے ایونٹ کے ساتھ ساتھ گراس روٹ فٹ بال کے نچلے درجوں کے میچز بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
برطانوی حکومت کے ڈیپارٹمنٹ فار ڈیجیٹل، کلچر، میڈیا اینڈ سپورٹس (ڈی سی ایم ایس) نے اس سے قبل رہنما اصول جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’قومی سوگ کی مدت کے دوران تقریبات اور کھیلوں کے فکسچر کو منسوخ یا ملتوی کرنے یا تفریحی مقامات کو بند کرنا لازمی نہیں ہے۔‘
تاہم پریمیر لیگ نے کہا کہ فکسچر ملتوی کرنے کا فیصلہ جمعے کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
پریمیر لیگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا: ’ملکہ کی غیر معمولی زندگی اور قوم کے لیے ان کی خدمات کو عزت دینے کے لیے اور احترام کے طور پر اس ہفتے پریمیر لیگ کے میچ راؤنڈ کو ملتوی کردیا جائے گا جس میں پیر کی شام کا کھیل بھی شامل ہے۔‘
ای ایف ایل نے علیحدہ بیان میں کہا کہ اس کے نو سے 10 ستمبر تک ہونے والے تمام فکسچر ملتوی کر دیے جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ای ایف ایل نے کہا: یہ اس فیصلے کے ساتھ منسلک ہے جو پریمیئر لیگ اور ایف اے نے اس ہفتے اپنے مقابلوں کے حوالے سے لیے ہیں۔‘
اس سے قبل جمعہ کے روز شمالی آئرلینڈ میں اس اختتام ہفتہ کو فٹ بال کے تمام میچز ملتوی کر دیے گئے تھے۔
فٹ بال ایسوسی ایشن آف ویلز نے کہا کہ اس نے کھیل کی تمام لیول پر نو سے 12 ستمبر کے میچز ملتوی کر دیے ہیں جبکہ سکاٹش فٹ بال میں پیشہ ورانہ میچز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
سکاٹش پروفیشنل فٹ بال لیگ کے چیف ایگزیکٹیو نیل ڈونکاسٹر نے کہا: ’ملکہ کا ہماری زندگیوں میں 70 سالوں سے مسلسل اور گہرا تعلق ہے اور ان کی موت ایک اہم موقع ہے۔ لہذا یہ مناسب ہے کہ پیشہ ورانہ فٹ بال اس ایونٹ کے تمام مچز ملتوی کر دے۔‘
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فٹبال کے ساتھ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ اوول میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں جمعہ کو کوئی کھیل نہیں ہوگا۔
تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں کوئی فوری اپ ڈیٹ نہیں دی کہ آیا ہفتے کے آخر میں کھیل دوبارہ شروع ہوگا یا نہیں۔
منسوخ ہونے والے دیگر کھیلوں میں سائیکلنگ کا ’ٹور آف بریٹین‘ شامل ہے جس نے ہفتے کے آخر میں طے شدہ ریس کے آخری دو مراحل اور ڈونکاسٹر میں ہارس ریسنگ کے سینٹ لیگر میلے کے تیسرے دن کو بھی منسوخ کر دیا۔
واضح رہے کہ ہارس ریسنگ ملکہ کا پسندیدہ کھیل تھا۔