کراچی میں جمعرات کو فائرنگ سے آنکھوں کے سینیئر سرجن ڈاکٹر بیربل گینانی جان سے گئے جب کہ ان کے ہمراہ ایک خاتون ڈاکٹر زخمی ہو گئی۔
فائرنگ کا واقعہ لیاری ایکسپریس وے پر رات آٹھ بجے کے قریب پیش آیا جب ڈاکٹر بیربل اپنی ساتھی ڈاکٹر کے ساتھ سفید گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے گارڈن گڈ لک ہال کے قریب حملہ کیا اور جائے واردات سے فرار ہو گئے۔
کار پر فائرنگ کے فوراً بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں کار کو تیزی سے ایک جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی کا دروازہ کھلا ہوتا ہے، اور جو کچھ دور جا کر رک جاتی ہے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے لیکن فی الحال کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر بیربل رنچھوڑ لائن میں اپنے کلینک سے واپس گھر جا رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ روزانہ اسی راستے سے گھر جاتے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ پولیس زخمی خاتون ڈاکٹر سے پوچھ گچھ کرے گی اور تحقیقات شروع ہیں۔
ڈاکٹر بیربل کے قتل پر ڈاکٹروں کی تنظیموں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر بیربل سابق سینیئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز اور سپنسر آئی ہسپتال کے ایم سی رہ چکے تھے۔
گذشتہ سال انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے ایک ساتھ ایم بی اے کی ڈگریاں حاصل کی تھی۔
وہ مختلف سرکاری عہدوں سے ڈیڑھ برس قبل ریٹائر ہوکر نجی کلینکس پر پریکٹس کر رہے تھے۔