ایٹمی دھماکوں کے 25 سال:’جب فون پر سبھی حکام چپ تھے‘

انڈپینڈنٹ اردو کے ہارون رشید نے 28 مئی، 1998 کے دن کیا دیکھا اور ایٹمی دھماکوں کی کہانی دنیا تک کیسے پہنچی جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں۔

پاکستان آج سے 25 سال قبل دنیا میں جوہری طاقت کے طور پر ابھرا۔

یہ جمعرات 28 مئی، 1998 کا معمول کا دن تھا جب تین بج کر 15 منٹ پر صوبہ بلوچستان میں چاغی کے خشک پہاڑوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ایک اہلکار نے بٹن دبا کر پانچ دھماکے کیے۔

اس سے دو ہفتے قبل انڈیا نے جوہری دھماکے کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا تھا کہ اسے بھی جواب میں جوہری تجربات کرنے چاہییں یا نہیں۔

اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے کافی بحث مباحثے اور مشاورت کے بعد یہ مشکل فیصلہ کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کے ہارون رشید اس وقت کوئٹہ میں بحیثیت ایک نامہ نگار تعینات تھے۔

انہوں نے اس روز کیا دیکھا اور یہ کہانی دنیا تک کیسے پہنچی سنیے ان کی اس یادداشت پر مبنی درج بالا ویڈیو رپورٹ میں۔

’قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے آج کے دن کی مناسبت سے جاری ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے اور دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ افواج اور عوام کو آپس میں ٹکرا دے۔‘

انہوں نے کہا: ’یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے۔ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔‘

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ اس وقت کے وزیراعظم  محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے صرف اللہ تعالیٰ کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پروا کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کا لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکا۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ’ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘

28 مئی کو ایٹمی دھماکوں کے پاکستانی معیشت پر اثرات کے حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کی ایک اور ویڈیو رپورٹ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو بھی  خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیراعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’آج کی نوجوان نسل کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بے نظیر بھٹو اور حکومت میں سیاسی کشیدگی انتہا پر تھی لیکن مادر وطن کے لیے انہوں نے سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ یہ ہے اس دن کی اصل اہمیت اور پیغام۔ جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے۔‘

بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ڈاکٹر عبد القدیر خان سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنس دانوں، انجینیئرز اور کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کیا۔

پاکستان فوج کا خراج تحسین

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی مناتے ہوئے قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کو یاد کر رہی ہے۔ بیان میں ملکی سائنس دانوں اور انجینیئروں کو سلام پیش کیا گیا جنہوں نے ناممکن کو حقیقت میں تبدیل کیا۔

آئی ایس پی آر کا پیغام میں کہنا تھا کہ ’مسلح افواج ان شاندار ذہنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے سوچا اور سخت چیلنجوں میں یہ کامیابی حاصل کی۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان