وزارت مذہبی امور پاکستان کے ترجمان کے مطابق پاکستانی عازمین حج کی سہولت کی خاطر اور ان کی شکایات رفع کرنے کے لیے منگل کو مکہ مکرمہ میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان کا کرونا وائرس سے قبل کا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے جس کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
سعودی عرب نے پاکستانی عازمین کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد جو کہ 65 سال تھی، وہ بھی ختم کر دی ہے۔
پاکستان کی سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 80 ہزار جبکہ باقی عازمین نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے جائیں گے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے مطابق 21 مئی کو خصوصی فلائٹ آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 40 ہزار سے زائد پاکستانی حج کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
مدینہ منورہ کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے مکہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز پیر کی صبح ہوا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمربٹ نے مکہ مکرمہ سے ٹیلی فون پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان حج مشن نے حج آپریشنز کے بلاتعطل انعقاد کو یقینی بنانے اور پاکستانی عازمین کو درپیش مسائل کو ایک چھت تلے حل کرنے کے لیے مکہ میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ مرکزی کنٹرول روم تمام انتظامات کی نگرانی کرے گا اور پاکستانی زائرین کی شکایات دور کرے گا۔
’کنٹرول روم جدہ ہوائی اڈے سے مکہ مکرمہ تک نقل و حمل کے ساتھ ساتھ مکہ اور مدینہ میں دیگر لاجسٹکس جیسا کہ رہائش کا انتظام، طبی سہولیات، خوراک اور دیگر ضروریات کا انتظام کرے گا۔‘
یہ کنٹرول روم سعودی حکام، جدہ میں پاکستانی قونصل خانے اور پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ساتھ بھی رابطے میں رہے گا۔
محمد عمربٹ نے کہا کہ زائرین کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم کے اندر مختلف محکمے قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ان محکموں میں رہائش کا انتظام، طبی سہولیات کی فراہمی، زائرین کی رہنمائی کے لیے حرم گائیڈز اور معاونین اور زائرین کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے شکایات وصول کرنے اور ریکارڈ کرنے کے لیے ایک کال سینٹر بھی شامل ہے۔‘
محمد عمر بٹ کے مطابق تمام زائرین کو کال سینٹر کے فون نمبر دیے گئے ہیں اور ’یہ سینٹر مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہے نیز شکایات آن لائن سسٹم کے ذریعے فوری طور پر متعلقہ محکموں کو بھجوائی جاتی ہیں۔‘