پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ حج فلائٹ آپریشن کا آج (بروز اتوار) سے باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں علی الصبح کراچی، لاہور اور فیصل آباد سے حج پروازیں سعودی عرب روانہ ہوئیں، جن میں 700 سے زائد عازمین حج سوار تھے۔
پاکستان کے حج پروگرام اور شہری ہوا بازی کے ادارے کے حکام نے کراچی میں پہلی حج پرواز پی کے 773 سے جانے والے پاکستانی عازمین حج کو رخصت کیا۔ یہ پرواز اتوار کی صبح چار بج کر 50 منٹ پر کراچی سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی۔
تین سو سولہ عازمین حج کو لیے یہ پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ہے جہاں ایئر پورٹ پر سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام کے علاوہ پاکستان حج مشن کے حکام نے بھی عازمین کا خیر مقدم کیا اور انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ’عازمین حج نے کراچی حاجی کیمپ میں فراہم کی گئی سہولتوں پر عملے کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مثالی قرار دیا۔‘
اس سال سعودی عرب نے پاکستان کا کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کا عازمین حج کا 179210 کا کوٹہ بحال کر دیا ہے اور عمر کی بالائی حد 65 سال کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس سال تقریباً 80000 پاکستانی عازمین سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ حکام کے مطابق باقی عازمین حج نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کریں گے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے بتایا کہ دوسری حج پرواز ای آر 2921 نے لاہور سے اتوار صبح پانچ بجے اڑان بھری، جس میں 279 عازمین سوار تھے۔
تیسری پرواز پی کے 1341 صبح نو بج کر 20 منٹ پر 149 مسافروں کو لے کر فیصل آباد سے مدینہ کے لیے روانہ ہوئی، جہاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور دیگر حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارتی کے ترجمان کے مطابق: ’حج پروازوں کے لیے مختص ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔‘
پاکستانی حکام کے مطابق ایک اور حج پرواز اتوار کی رات پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً نو بج کر 15 منٹ پر دارالحکومت اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قبل ازیں اس ہفتے پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر سینیٹر طلحہ محمود اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر 26000 سے زائد پاکستانی عازمین حج کی سہولت کے لیے ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کا افتتاح کیا۔
روٹ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سعودی عرب روانگی سے قبل عازمین حج کے لیے ان کے اپنے ہی ممالک کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کی کارروائی مکمل کی جاتی ہے۔ پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کو لے کر آخری پرواز 21 جون کو سعودی عرب روانہ ہوگی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق کراچی میں عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے پروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔
پی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جب کہ بعد از حج آپریشن دو جولائی سے دو اگست تک مکمل ہوگا۔