تمام سٹیک ہولڈرز کو درگزر سے کام لینا ہو گا: صدر پاکستان

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر مملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے عوام کے متحد ہونے پر زور دیا ہے۔

صدر عارف علوی اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے(پی ٹی وی)

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر مملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے عوام کے متحد ہونے پر زور دیا ہے۔

پاکستان میں آج 76واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ ’ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور سیاست دانوں کو عفو درگزر سے کام لینا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی قوم نے اپنی آزادی اور جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہماری قربانیوں کا سلسلہ 1857 کی جنگ آزادی سے شروع ہو گیا تھا اور آج بھی میرے فوجی اور سویلین ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔‘

اس موقعے پر انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

صدر مملک نے مزید کہا کہ ’ملک میں ٹیکس دینے والے ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان میں دو کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ تعلیم کے نظام کو بہتر بنا کر ہم ٹیکس دہندہ طبقے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کر سکتے ہیں۔‘

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ’14 اگست کا دن صرف سیاسی آزادی کا جشن ہی نہیں بلکہ قوم کے متحد ہونے کا ثبوت ہے جس سے چیلینجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ہمیں اس اتحاد اور خوداعتمادی کو آگے بڑھانا ہو گا جو تحریک آزادی کی پہچان تھے۔‘

انہوں نے یوم آزادی کے موقعے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’14 اگست محض ایک تاریخ نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

اس سے قبل صدر پاکستان عارف علوی نے یوم آزادی کے موقعے پر جاری بیان میں کہا کہ ’آج قوم کو پاکستان کو درپیش سیاسی، سماجی، معاشی اور سکیورٹی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔‘

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملکی ترقی کے لیے دل و جان سے متحد ہو کر کام کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے پیغام میں صدر پاکستان نے بھی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بھی گذشتہ شب ملٹری اکیڈمی کاکول میں پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ قوم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے۔ 

آرمی چیف کا شاندار پریڈ کے انعقاد پر کیڈٹس کو خراج تحسین کیا اور کہا: ’یہ دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے۔ آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الااللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے۔‘

 آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس وقت ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہی ہے اور جغرافیائی اور اسے سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش، تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان