پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض سے مشاورت کے بعد سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم بنا دیا۔
انوار الحق کاکڑ پاکستان کے آٹھویں نگران وزیر اعظم ہیں۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے کان مہترزئی سے ہے۔
ان کے والد کا نام ڈاکٹراحتشام الحق ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ میں مکمل کرنے کے بعد کچھ وقت لاہور میں گزارا۔ بعد ازاں وہ قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے لندن چلے گئے۔
ان کا تعلق بنیادی طورپر زمین دار خاندان سے ہے۔ ان کے علاقے میں زمانہ قدیم کے کاریزات بھی ابھی تک موجود ہیں۔
2008 میں سیاست شروع کرنے والے انوار الحق کاکڑ نے پہلے پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کوئٹہ سٹی کے حلقہ 259 میں قومی نشست پر الیکشن لڑا اور ہار گئے۔
2013 میں انہوں نے دوبارہ الیکشن میں حصہ لیا۔ وہ 2013 میں ثنااللہ زہری کی صوبائی حکومت کے دوران ترجمان بلوچستان حکومت رہے۔
انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وہ سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی، فنانس اینڈ ریونیو، خارجہ امور اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے رکن بھی رہے۔
2018 میں وہ آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے، ان کی چھ سالہ مدت مارچ 2024 میں ختم ہوگی۔
انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے نام سے نئی جماعت قائم کرنے میں اہم کردارکیا۔
انوار الحق کاکڑ کے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما بسم اللہ کاکڑ کے مطابق ’انوارالحق کا تعلق پڑھے لکھے خاندان سے ہے، جنہوں نے ہمیشہ بلاتعصب علاقے کے عوام کی خدمت کی۔‘
’ان کا نگران وزیراعظم منتخب ہونا علاقے کے عوام کے لیے خوشی کا باعث ہے۔‘