چیمپیئنز ٹرافی 2025: پانچ ابھرتے ستارے جن پر سب کی نظر ہو گی

چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز بدھ سے ہو رہا ہے جہاں بڑے ستارے دھوم مچانے کو تیار ہیں وہیں پانچ کم معروف کھلاڑی بھی 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں اپنا نام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

کراچی میں 12 فروری 2025 کو ایک بل بورڈ پر چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی نظر آ رہے ہیں (اے ایف پی)

چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز بدھ کو پاکستان کے شہر کراچی میں میزبان ٹیم اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے۔

اس میگا ایونٹ میں جہاں بڑے ستارے دھوم مچانے کو تیار ہیں وہیں پانچ کم معروف کھلاڑی بھی 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں اپنا نام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

1۔ ورون چکرورتی (انڈیا)

ٹورنامنٹ کے لیے انڈین سکواڈ میں دیر سے شامل ہونے والے رِسٹ سپنر ورون چکرورتی دبئی کی متوقع سست وکٹوں پر بولنگ لائن اپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

33 سالہ چکرورتی نے رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا، جہاں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کر کے انڈیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

چکرورتی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹورنامنٹ میں بھی نمایاں رہے اور گذشتہ سال کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹائٹل کی فتح میں 21 وکٹیں لے کر کلیدی کردار ادا کیا۔

چکرورتی انڈیا کے مضبوط سپن اٹیک کا حصہ ہیں اور کوچ گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کو ’ایکس فیکٹر‘ فراہم کر سکتے ہیں۔

2. طیب طاہر (پاکستان)

مڈل آرڈر بیٹسمین طیب طاہر 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان کے لیے اس وقت ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر سامنے آئے جب انہوں نے فائنل میں انڈیا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

31  سالہ طاہر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور چند ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد گذشتہ برس اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔

وائٹ بال کرکٹ میں ان کی مجموعی کارکردگی اوسط درجے کی رہی ہے اور ان کا ٹی 20 میں سب سے زیادہ سکور 39 رہا۔

تاہم، انہیں کرکٹ ماہرین سے کافی پذیرائی ملی ہے اور فاسٹ بولنگ لیجنڈ وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ میں ان کی جارحانہ بیٹنگ کے بعد انہیں ’زبردست ٹیلنٹ‘ قرار دیا تھا۔

3. ٹام بینٹن (انگلینڈ)

سمرسیٹ سے تعلق رکھنے والے بلے باز ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے لیے انڈیا میں اس ماہ کی سیریز کے آخری ون ڈے میں شرکت کی اور 38 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی حالانکہ ان کی ٹیم یہ میچ ہار گئی تھی۔

26  سالہ بینٹن احمد آباد میں نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آئے اور زخمی جیکب بیتھل کی جگہ انگلینڈ کے چیمپیئنز ٹرافی سکواڈ میں شامل کیے گئے۔

یہ ان کا ساتواں ون ڈے تھا اور اگست 2020 کے بعد پہلا جس میں انہوں نے انڈین سپنرز کا سامنا کیا اور واشنگٹن سندر کے خلاف ایک شاندار سوئچ ہٹ کے ذریعے پوائنٹ کے پیچھے چھکا لگایا۔

بینٹن ٹی20 فرنچائز کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں اور متحدہ عرب امارات کی پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جہاں انہوں نے 11 اننگز میں 493 رنز بنائے جن میں دو سنچریاں شامل ہیں۔

4. ایرون ہارڈی (آسٹریلیا)

سیمر آل راؤنڈر ایرون ہارڈی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل مارکس سٹوئنس کی اچانک ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں شامل ہوئے۔

26 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اور بلے باز ہارڈی نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی لیکن آسٹریلیا یہ میچ ہار گیا۔

2018  میں انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کی جانب سے ایک ٹور میچ میں وراٹ کوہلی اور روہت شرما کو آؤٹ کر کے سب کو حیران کر دیا تھا اور بیٹنگ میں بھی 86 رنز بنائے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہارڈی نے 2023 میں آسٹریلیا کے لیے وائٹ بال کرکٹ میں ڈیبیو کیا لیکن ابھی تک وہ کوئی ایسی کارکردگی نہیں دکھا سکے جو ان کی جگہ ٹیم میں پکی کر سکتی۔

5. ول او رورک (نیوزی لینڈ)

چھ فٹ چار انچ قد کے حامل فاسٹ بولر ول او رورک نے نو ون ڈے میچوں میں شاندار کارکردگی دکھائی اور وہ اپنے پہلے آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

23  سالہ او رورک نے 2023 میں ون ڈے ڈیبیو کیا لیکن ان کی اصل پہچان گذشتہ سال اپنے ہوم ٹیسٹ میچ میں اس وقت بنی جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف نو وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے حال ہی میں کراچی میں پاکستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں چار وکٹوں کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھا کر نیوزی لینڈ کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، یہی مقام چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کا میزبان ہوگا جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ ایک بار پھر مدمقابل ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کو تیز گیند باز بین سیئرز کی عدم موجودگی اور لاکی فرگوسن کی انجری سے نجات کے انتظار میں او رورک اور سینئر پیسر میٹ ہنری پر انحصار کرنا ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ