مصنوعی ذہانت بوٹ چیٹ جی پی ٹی کی ملکیتی کمپنی ’اوپن اے آئی‘ مبینہ طور پر معروف ٹیک کمپنی ایپل کے ڈیزائنر جونی آئیو کے ساتھ ایک مصنوعی ذہانت والی ڈیوائس بنانے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ’مصنوعی ذہانت والا آئی فون‘ بنانا ہے اور اس منصوبے میں جاپانی ’سافٹ بینک‘ کے سی ای او میسیوشی سن بھی شامل ہیں۔
جونی آئیو اور اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین کے درمیان اس حوالے سے کئی بحث سے بھرپور سیشن پہلے ہی ہو چکے ہیں جب کہ کہا جاتا ہے کہ جاپانی ٹیک کمپنی سافٹ بینک نے اس منصوبے کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
اس بارے میں کچھ تفصیلات دی گئی ہیں کہ اس اے آئی ڈیوائس کی کیا شکل ہو سکتی ہے جس میں سٹینڈ ایلون چیٹ جی پی ٹی سے چلنے والے سمارٹ سپیکر سے لے کر ہیڈ فون تک کے امکانات ہیں جو استعمال کرنے والوں کو مصنوعی ذہانت والے بوٹ کے ساتھ براہ راست انٹرفیس کرنے کی اجازت دیں گے۔
جونی آئیو نے 27 سال کمپنی میں رہنے کے بعد 2019 میں ایپل چھوڑ کر ’لوو فارم‘ (LoveForm) کے نام سے اپنی ڈیزائن کمپنی بنائی جو اس تازہ ترین منصوبے کا حصہ ہے۔
آئی فون کے ساتھ ساتھ جونی آئیو نے ایپل کی دیگر مصنوعات جیسے آئی پیڈ، آئی پوڈ اور میک بُک کو ڈیزائن کرن ے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس معاملے سے واقف لوگوں کے مطابق ان کی تازہ ترین تخلیق فارگو سکرین ڈیوائس ہو سکتی ہے۔
انڈیپنڈنٹ نے تبصرہ کے لیے اوپن اے آئی سے رابطہ کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شراکت داری کی یہ رپورٹس اسی ہفتے سامنے آئیں جب اوپن اے آئی نے اعلان کیا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کو اب انٹرنیٹ تک براہ راست رسائی کے ساتھ ساتھ ’دیکھنے، سننے اور بولنے‘ کی صلاحیت بھی حاصل ہو چکی ہے۔
آواز اور تصویر کی شناخت کے ٹولز کا اضافہ ایمیزون کے الیکسا اور ایپل کی سری جیسے ورچوئل اسسٹنٹس کو تخلیقی مصنوعی ذہانت جیسی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فیچر نے اسے گوگل کے ’بارڈ‘ جیسے دیگر معروف اے آئی ٹولز کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔
اوپن اے آئی نے بدھ کو اعلان میں بتایا کہ ’چیٹ جی پی ٹی اب ذرائع سے براہ راست روابط کے ساتھ آپ کو موجودہ اور مستند معلومات فراہم کرنے کے لیے انٹرنیٹ کو براؤز کر سکتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’یہ اب ستمبر 2021 سے پہلے کے ڈیٹا تک محدود نہیں ہے۔ براؤزنگ خاص طور پر ان کاموں کے لیے مفید ہے جن کے لیے تازہ ترین معلومات کی ضرورت ہوتی ہے جیسے کہ تکنیکی تحقیق میں آپ کی مدد کرنا، بائیک کا انتخاب کرنا یا پھر چھٹیوں کی منصوبہ بندی کرنا۔‘
فیس بک کی ملکیتی کمپنی میٹا نے بھی رواں ہفتے کئی نئے چیٹ بوٹس کے اجرا کا اعلان کیا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا کہ اے آئی بوٹس حقیقی لوگوں پر مشتمل مختلف شخصیات کے ساتھ آئیں گے۔
یہ مجوزہ چیٹ بوٹس میٹا کی ایپس کے ذریعے کام کریں گے جس میں انسٹاگرام، میسنجر اور واٹس ایپ شامل ہیں۔
© The Independent