انڈین میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ بالی وڈ اداکار سلمان خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ کی کمائی میں تیسرے روز واضح کمی دیکھی گئی۔
فلموں کی خبریں رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ سیکنلک کے مطابق ’سکندر‘ نے منگل کو صرف 19.5 کروڑ روپے کی کمائی کی۔
یہ فلم اتوار کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے افتتاحی دن 26 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
عید کے دن اس فلم کی کمائی میں معمولی اضافہ ہوا اور اس نے 29 کروڑ روپے کمائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یوں سلمان خان کی عید پر واپسی پر بننے والی فلم ’سکندر‘ نے پہلے تین دن میں کل 74.5 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، جبکہ این ڈی ٹی وی کے مطابق اس فلم کا بجٹ 200 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔
فلم ’سکندر‘ سلمان خان اور ساؤتھ انڈین اداکارہ رشمیکا مندانا کی پہلی مشترکہ فلم ہے۔
یہ سلمان خان کا ہدایت کار اے آر مرگڈوس کے ساتھ بھی پہلا پروجیکٹ ہے، جنہوں نے اس سے قبل عامر خان کی سپرہٹ فلم ’گجنی‘ (2008) ڈائریکٹ کی تھی۔
فلم سکندر میں کاجل اگروال، ستیاراج اور شرمن جوشی نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کو ساجد نادیادوالا کی پروڈکشن کمپنی ’نادیادوالا گرینڈسن انٹرٹینمنٹ‘ نے فنانس کیا ہے۔
اس سے قبل سلمان خان کی تین فلمیں تین سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہیں۔ ان فلموں میں ٹائیگر زندہ ہے، بجرنگی بھائی جان اور سلطان شامل ہیں۔
جبکہ سلمان خان کی چار فلموں نے دو سو کروڑ سے زیادہ کی کمائی بھی کی ہے۔ ان فلموں میں ٹائیگر 3، کک، بھارت اور پریم رتن دھن پایو نامی فلمیں شامل ہیں۔