صدر زرداری کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے: شرجیل میمن

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں، ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

آصف علی زرداری پاکستان کے 14ویں صدر ہیں (President.gov.pk)

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں، ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، انشااللہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث منگل کو نواب شاہ سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

زرداری کے قریبی ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ گذشتہ رات انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔

طبعیت کی ناسازی کے باعث وہ زرداری ہاؤس نواب شاہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے عید نہیں مل سکے تھے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہسپتال کے اطراف سکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو فون کر کے ان کی مزاج پرسی کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گورنر سندھ کے پریس سیکریٹری پیرزادہ فیصل فاروقی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق صدر پاکستان کے ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کے معالج ڈاکٹر عاصم کو فون کرکے ان کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گذشتہ برس صدر مملکت کو کلفٹن کی اسی نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کے ذاتی معالج نے ان کا علاج کیا تھا۔

اکتوبر 2024 کے آخری ہفتے میں ان کے دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے پاؤں میں فریکچر ہو گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست