شاہ رخ خان کی مشہور فلم دل سے کا گانا ’چل چھیاں چھیاں‘ آج بھی مقبول ہے۔ اے آر رحمان کے دھنوں سے سجے اس گانےکے متعلق ایک انٹرویو میں کوریوگرافر اور ہدایت کارہ فرح خان نے انکشاف کیا کہ روینہ ٹنڈن اور شلپا شیٹھی سمیت کئی اداکاراؤں کو اس گانے میں رقص کی پیشکش کی گئی لیکن سبھی نے انکار کر دیا۔
اس گانے میں ملائیکہ اروڑہ نے چلتی ٹرین کے اوپر شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارم کر کے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ اس طرح دوبارہ کسی گانے کو آج تک ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
ویب سائٹ پنک ویلا کے مطابق فرح نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ’ہر ہیروئن نے یہ گانا کرنے سے انکار کر دیا لہٰذا میں یہی کہتی ہوں کہ آپ کو صحیح وقت پر صحیح جگہ ہونا چاہیے۔‘
فرح نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح ملائیکہ کو اس گانے کے لیے لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کسی کو نہیں پتہ تھا ملائیکہ ایک ماڈل ہیں۔ ’میں انہیں جانتی تھی کیونکہ ہم ارباز خان کو جانتے تھے۔ تب ان دونوں کا ملنا جلنا تھا، حتیٰ کہ مجھے یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ وہ رقص کر سکتی ہیں۔‘
اس سے قبل آئی اے این ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فرح خان نے کہا تھا کہ سبھی کہتے ہیں کہ میں نے دپیکا پڈوکون کو بالی وڈ میں متعارف کروایا، تاہم ایسا نہیں کیونکہ ان سے پہلے میں نے ملائیکہ کو متعارف کروایا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’وہ میرا پہلا بچہ ہے۔ گانے کی شوٹنگ سے دو دن پہلے میں نے ملائیکہ کو یہ گانا کرنے کے لیے بلایا۔ ان سے پہلے ہم نے چھ سات ہیروئنوں سے رابطہ کیا تھا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ ہم اس بات پر غور کر رہے تھے کہ اس گانے کے لیے کس کا انتخاب کریں۔‘
انہوں نے بتایا: ’پھر مکی کنٹریکٹر نے مجھے بتایا کہ ملائیکہ بہت اچھی ڈانسر ہیں۔ میں نے کہا وہ تو ایک ماڈل ہے۔‘
فرح کے مطابق وہ سوچ میں پڑ گئیں کہ ملائیکہ کیسے انڈین رقص کر پائیں گی لہٰذا میں نے انہیں دو دن پہلے اوٹی(انڈین شہر) بلایا اور ہم نے رات کو مشق کی، اور دن میں شوٹنگ کی۔‘
اوم شانتی اوم کی ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نے یہ بھی بتایا کہ ملائیکہ ٹرین کے اوپر کانپ رہی تھیں۔
’ہم نے انہیں ٹرین پر چڑھنے پر مجبور کیا۔ وہ کانپ رہی تھیں۔ وہاں تقریباً کوئی حفاظتی انتظام نہیں تھا، کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کوئی میک اپ نہیں کیا ہوا تھا، صرف کاجل اور ایک ٹیٹو تھا جو گیتا (کپور) نے ان کے بازوؤں پر بنایا تھا۔ اور ہاں شاہ رخ تو ان کے ساتھ تھے ہی۔‘