پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، ایران، اردن، کینیڈا سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں پیر یعنی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں اتوار کو شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا تھا۔
اس سے قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، فلسطین، یمن، سوڈان، لبنان، ترکی اور مالدیپ میں اتوار ہی کو عید الفطر منائی گئی۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل مسجد اور لاہور کی بادشاہی مسجد سمیت ملک کی دیگر مساجد میں نماز عید الفطر کے اجتماعات ہوئے۔
عیدالفطر کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔‘
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں۔ ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔‘
پاکستانی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
’حکومت پاکستان اس وقت ملک کی اقتصادی بحالی، امن و امان کے قیام اور سماجی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم متحد ہو کر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہباز شریف نے عید کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ ’ہمیں اپنے ان مظلوم بہن، بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و بربریت کا شکار ہیں، خاص طور پر فلسطین اور انڈیا کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام جو آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور ان بے گناہ مسلمانوں کی داد رسی کرے۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے بھی پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے۔
‘چیف آف آرمی سٹاف اور سروسز چیفس نے کہا ہے کہ ’یہ بابرکت موقع ہمیں اپنے قومی ہیروز کی غیر متزلزل بہادری اور عزم پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مسلح افواج ان جری جوانوں کی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کی مسلسل حمایت کو بے حد سراہتی ہیں۔