پاکستان میں شوبزنس سے وابستہ مشہور شخصیات کی عید الفطر کے دن کیا مصروفیات ہوتی ہیں؟ یہ معلوم کرنے اور اپنے دیکھنے اور پڑھنے والوں کی دلچسپی کے لیے اس مرتبہ انڈپینڈنٹ اردو نے پاکستان کی تین معروف شوبز شخصیات سے دریافت کیا کہ ان کا عید کا دن کیسے گزرتا ہے؟
پاکستانی فلموں کی چوٹی کی اداکاراؤں میں سے ایک مہوش حیات سے ہم نے ان کے سیٹ پر ملاقات کی، وقت کی تنگی کے باوجود مہوش نے بتایا کہ ان کا عید کا دن ان کے گھر والوں کے ساتھ گزرتا ہے، کیونکہ سب کی چھٹی ہوتی ہے اور سال میں یہی وہ وقت ہوتا ہے جب گھر والوں کے ساتھ مکمل فراغت ملتی ہے اور کھانے پینے کا موقع ملتا ہے۔
مہوش حیات نے بتایا کہ عید پر شیر خرما سب سے اہم ہوتا ہے، اس کے علاوہ انہیں قورمہ اور پلاؤ بہت پسند ہے، جس کے ساتھ ساتھ بار بی کیو بھی ہوتا ہے، اس طرح عید پر دیسی کھانوں کا بہت مزہ آتا ہے، اگرچہ وہ خود کچھ بھی نہیں پکاتی ہیں۔
آخر میں انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کے قارئین کو عیدالفطر کی مبارک بھی دی۔
اداکارہ منشا پاشا، جو ان دنوں ایک رمضان ٹرانسمیشن میں مشغول ہیں، ہم نے ان سے انہیں کے اس سیٹ پر ملاقات کی جہاں پہلے انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کے قارئین کو عید مبارک دی اور اس کے بعد انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ سے ملنے جاتی ہیں اور وہ اور ان کے شوہر جبران ناصر بہت مزے مزے کے کھانے کھاتے ہیں اور اس طرح عید کا مزہ لیتے ہیں۔
منشا نے بتایا کہ عید پر سوئیاں کھانا سب سے زیادہ پسند ہے اس کے ساتھ ساتھ ان کی والدہ کے گھر جو بھی بنتا ہے وہ اچھا ہی ہوتا ہے لیکن خود انہیں ’بیف پلاؤ‘ بہت پسند ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے حالات مشکل ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ارد گرد موجود لوگوں کا خیال رکھیں، ان کی مدد کریں کیونکہ جو ہم انہیں دیتے ہیں، خدا وہی ہمیں واپس دے دیتا ہے۔
’خوش رہیں، لوگوں کو خوش رکھیں اور عیدی دیں۔‘
اداکارہ و میزبان ژالے سرحدی سے جب اسی سلسلے میں ہماری ملاقات ہوئی تو انہوں نے بھی پہلے تو انڈیپینڈںٹ اردو کے قارئین کو عید مبارک کہا اور پھر بتایا کہ ان کے لیے عید میل ملاپ کا نام ہے اور میٹھی عید مٹھائی کھانے سے زیادہ میٹھے رشتے برقرار رکھنے کی ہے۔
ژالے سرحدی نے کہا کہ اس سال دنیا بھر اور پاکستان میں بہت سے ایسے واقعات ہوئے ہیں جن میں جانی نقصان ہوا ہے، جیسے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور غزہ میں بہت جانی نقصان ہوا ہے، اس لیے اس سال عید مناتے ہوئے کچھ برا بھی محسوس ہو رہا ہے۔
ژالے نے کہا کہ وہ درخواست کرتی ہیں کہ اس میٹھی عید پر ان لوگوں تک بھی خوشیاں پہنچائیں جو پورا سال ضرورت کی اشیا بھی حاصل نہیں کرسکتے، کسی بچے کو تعلیم دینے کے لیے مدد کریں، تین کی جگہ دو جوڑۓ بنا کر تیسرے کی رقم سے اس کی مدد کردیں، یہی انسانیت ہے۔