پاکستانی فلم انڈسٹری میں وقت کے ساتھ بہت سے نشیب و فراز آتے رہے ہیں۔ 2018 کے دوران فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ برسوں میں بہت سی فلمیں ایسی آئی ہیں جن سے پاکستانی سینمااپنے ناظرین واپس لانے میں کامیاب ہوِئی ہے۔ ان فلموں میں بن روئے، ماہ میر، آزادی پنجاب نہیں جاوں گی اور طیفا ان ٹربل شامل ہیں۔ پاکستانی فلم ساز اپنی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خوبصورت فلمیں بنا رہے ہیں۔
فلم انڈسٹری کی کامیابی میں سرمائے کے علاوہ بھی کئی عناصر کا اہم رول ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران جو بہت اہم تبدیلی دیکھی گئی وہ یہ تھی کہ نوجوان پڑھے لکھے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی اب اس فلم انڈسٹری کا اہم ستون ہیں۔ ایسے ہی چند فلم ساز سال 2019 میں کون سی فلمیں لا رہے ہیں، آئیے دیکھتے ہیں۔
دی لیجنڈ آف مولاجٹ
2019 میں آنے والی جس فلم سے پاکستانی فلم انڈسٹری اور سینما ناظرین کی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، وہ فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ ہے۔ بلال لاشاری کا اس فلم کے بارے میں واضح طور پر یہ بیان موجود ہے کہ فلم نہ تو مولاجٹ کا سیکول ہے اور نہ ہی یہ اس کا دوسرا حصہ ہے۔
اس حوالے سے یہ فلم گزشتہ دنوں تنازعات کا شکار بھی رہی اور اصل مولاجٹ فلم کے پروڈیوسر، سرور بھٹی نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کیے جانے پر بلال لاشاری کے خلاف عدالت سے رجوع بھی کیا۔
اطلاعات کے مطابق اب تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور قوی امید ہے کہ عیدالفطر 2019 پر یہ فلم پاکستانی سینما گھروں کی زینت بن سکے گی۔
گزشتہ برس فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد کچھ ناقدین نے اس فلم کو انگریزی فلم دی گلیڈی ایٹر یا لارڈ آف دی رنگز کاچربہ بھی قرار دیا تھا۔ تمام چہ میگوئیوں کے برعکس فلم ریلیز ہونے کے بعد ہی دیکھا جا سکتا ہے کہ کہانی کس قدر مضبوط ہے اور فلم سازی کا معیار کیا ہے۔
اس فلم کی کاسٹ میں فوادخان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک نمایاں ہیں۔ دوسرے فلمی ستاروں میں شفقت چیمہ، نیر اعجاز، علی عظمت اور گوہر رشید شامل ہیں۔
یہ فلم جدید ٹیکنالوجی اور نئے ڈیجیٹل ایفیکٹس کا شاہکار نظر آتی ہے۔ ٹریلیر دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ پاکستانی فلمی صنعت ہالی وڈ کے نقش قدم پر چلنے کے لیے بے تاب ہے۔
رانگ نمبر 2
فلم رانگ نمبر کی کامیابی کے بعد فلم ساز یاسر نواز نے گزشتہ برس اس فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ فلم رواں سال رانگ نمبر 2 کے نام سے جون میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
فلم میں ہیروئن کا کردار نیلم منیر ادا کر رہی ہیں جبکہ مردانہ کرداروں میں جاوید شیخ، دانش نواز اور نیر اعجاز اہم رول ادا کریں گے۔ فلم کے ہیرو سمیع خان کے مطابق یہ فلم سابقہ رانگ نمبر کی طرح مکمل طور پر ایک رومانوی اور مزاحیہ فلم ہوگی۔
فلم رانگ نمبر 2 کی کہانی جو تاحال پردہ راز میں ہے اسے دانش علی نے تحریرکیا ہے، جبکہ مکالمہ نگاراحمد حسن ہیں۔ یاد رہے یہ فلم رواں برس جون میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
کراچی سے لاہور-3
سال 2019 میں ریلیز ہونے والی تیسری اہم فلم “کراچی سے لاہور-3” فلم سیریز کراچی سے لاہور کا تیسرا سیکوئل ہے۔
یہ فلم وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں رواں ماہ ریلیز ہونے کا امکان ہے۔ اس فلم میں پچھلے پارٹس (کراچی سے لاہور ون اور ٹو) کے برعکس کراچی سے لاہور کا سڑک پر ہونے والا سفر غالبا ختم ہو جائے گا۔ باقی جہاں تک مزاح اور دیگر برجستہ مکالمہ نگاری کا تعلق ہے تو یاسر حسین کا لکھا گیا سکرپٹ اپنے پورے جوبن پر ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔
کے ایس ایل تھری اطلاعات کے مطابق عیدالفطر 2019 کے موقع پر ریلیز ہو گی۔ شہزاد شیخ، صبا قمر، عائشہ عمر، جاوید شیخ اور یاسر حسین کی اس فلم میں کہانی اس بار سفر سے ہٹ کر اور آؤٹ ڈور فلمائے جانے کا امکان زیادہ ہے۔ فلم کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی۔
باجی
سال 2019 میں آنے والی چوتھی اہم فلم فلمساز ثاقب ملک کی فیچر فلم باجی ہے۔
تھرلر/ڈرامہ کیٹیگری پہ مبنی یہ فلم جب بننا شروع ہوئی تھی تو اس سے متعلق افواہیں یہ بھی تھی کہ اس فلم میں نامور فلم سٹار میرا کی زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔ آخر ثاقب ملک بروقت سامنے آئے اور انہوں نے ان تمام اطلاعات کو غلط قرار دیا۔ نیز یہ بھی واضح کیا کہ یہ فلم مختلف سماجی مسائل کا احاطہ کرتی ہے۔
اس فلم کے مرکزی کردار فلم اور ٹی وی سٹار عثمان خالد بٹ اور فلم سٹار میرا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ عثمان خالد بٹ کی دوسری فلم ہوگی اس فلم کی دیگر کاسٹ میں محسن عباس، حیدر علی کاظمی اور آمنہ الیاس بھی شامل ہیں۔
ہمایوں سعید پاکستانی فلم انڈسٹری کا وہ نام ہیں جو اپنی فلموں “پنجاب نہیں جاؤں گی” اور “جوانی پھر نہیں آنی” کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری میں کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت بن چکے ہیں۔
لو یو جٹا
رواں برس آنے والی ایک اور اہم فلم ہمایوں سعید کی ’لو یو جٹا‘ ہے۔
فلم کی کاسٹ میں تقریبا وہی ٹیم شامل ہے جو فلم “جوانی پھر نہیں آنی” میں ہمایوں سعید کے ساتھ تھی۔
فلم کی کہانی واسع چودھری فلم کی ہے اور ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔ اس فلم کی ہیروئن کے طور پر تاحال کوئی نام سامنے نہیں آ سکا لیکن گمان کیا جا سکتا ہے کہ حسب سابق اسٹار کاسٹ میں سے ہی کوئی نام بطور ہیروئن سامنے آئے گا۔