سکندر کا ’بلنڈر‘: سلمان خان کے لیے کیریئر بریک کیوں ضروری؟

سلمان خان کو آج کوئی پروڈیوسر اپنے دفتر سے اٹھوا کر باہر نہیں پھنکوا سکتا لیکن یہ کام شائقین کریں گے اگر سلمان خان نے فلموں سے بریک نہ لیا۔

سلمان خان 23 مارچ، 2025 کو ممبئی میں اپنی آنے والی فلم 'سکندر' کے ٹریلر لانچ میں شریک ہیں (اے ایف پی)

دو سال کے وقفے کے بعد سلمان خان کی کوئی فلم سینیما گھروں کی زینت بنی جس نے سلو بھائی کے پرستاروں کو پریشان کر دیا۔ 

ان کے بعض مداح انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ شاہ رخ خان کی طرح کچھ عرصے کے لیے بولی وڈ سے وقفہ لیں کیونکہ بولی وڈ کے موسٹ وانٹڈ اب موسٹ وانٹڈ نہیں رہے۔ 

ایک طرف ’سکندر‘ کی کہانی ناظرین کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی، دوسری جانب پریمیئر سے چند گھنٹے پہلے فلم کا ایچ ڈی پرنٹ آن لائن لیک ہو گیا۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق ’سکندر‘ نے پہلے دن تمام زبانوں میں باکس آفس پر 26 کروڑ انڈین روپے سے شروعات کیں۔ 

اس کے بعد سوموار کو عید کا دن تھا اور توقع تھی کہ فلم رش لے گی۔ تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا کیونکہ فلم دیکھنے والوں میں صرف تقریباً ساڑھے 11 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا اور محض 29 کروڑ انڈین روپے کا کلیکشن ہوا۔

اس سے اگلا دن مزید بدتر ثابت ہوا جب 32.76 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ فلم نے تقریباً 19.5 انڈین کروڑ روپے کمائے، جس سے ‘سکندر’ کا تین دن کا مجموعہ ہندوستان میں تمام زبانوں میں 74.5 انڈین کروڑ روپے ہو گیا۔

‘سکندر’ کی ریلیز کے ساتھ سبھی کو لگا تھا کہ 2025 میں بولی وڈ باکس آفس کو نیا بمپر ملے گا۔ تاہم سلمان خان کی فلم  وکی کوشل کی ‘چھاوا’ کے کلیکشن کو پچھاڑنے میں ناکام رہی۔ 

مرہٹہ جنگجو چھترپتی سنبھاجی مہاراج اور اورنگزیب کے درمیان کشمکش پر بنی اس تاریخی فلم نے مقامی سطح پر 31 کروڑ انڈین روپے اور عالمی سطح پر 54 کروڑ انڈین روپے کے ساتھ شروعات کی تھیں۔

سوشل میڈیا پر ’سکندر‘ کے ٹریلر کے ساتھ ہی انتہائی سخت ردعمل دیکھنے کو ملا۔ فیس بک پر حسنین جمیل نامی صارف نے لکھا، ’بھائی جان نے کیا کر دیا! جنوبی لندن کے سینیما گھر میں عید کے دن رش تو بہت تھا، بھائی جان کی انٹری پر سیٹیاں بھی خوب بجیں مگر فلم کے ختم ہونے پر ہال سے باہر نکلنے والے مایوس تھے۔

’ایک کمزور سکرپٹ کو چن کر صرف سلمان خان کے سٹارڈم پر جو جوا کھیلا گیا، اس میں ان کو ہدایت کار اور فلم ساز کو مات ہو گئی۔‘

عمران بیگ نامی صارف کا کہنا تھا، ’فلم میں کچھ بھی نیا نہیں، حتیٰ کہ سلمان خان بھی نہیں۔ فلم نے بولی وڈ کے ساتھ وہ سلوک کیا جو کسی کریمنل گینگ میں رہ کے پولیس انفارمر کرتا ہے یعنی سوا ستیا ناس۔ 

’یہ فلم صرف ون مین شو سے زیادہ کچھ نہیں۔ جتنا زور ہیرو کو پاور فل دکھانے پر لگایا گیا اس سے آدھا زور سٹوری پاور فل بنانے پر لگایا جاتا تو یہ بولی وڈ اور سلمان خان دونوں کی عزت بچا لیتی۔‘

سلمان خان کا بہت بڑا فین کلب ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑا رہا، یہاں تک کہ اب وہ بھی مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔ 

انہی مداحوں کی ایک بڑی تعداد سلمان خان کو مشورہ دے رہی ہے کہ  وہ کچھ عرصے کا وقفہ لیں اور خود کو نئے انداز میں پیش کریں۔اس دوران وہ بہترین سکرپٹس کا انتخاب کریں اور ورزش کر کے اپنا وزن کم کریں۔  

خیال رہے شاہ رخ خان نے 2018 میں اپنی فلم ’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد کیریئر بریک لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر زیرو ثابت ہوئی جس نے کنگ خان کو وقتی طور پر پس منظر میں چلے جانے پر مجبور کیا۔ 

تقریباً چار برس تک شاہ رخ خان نے کوئی فلم سائن کی نہ کسی خاص پروڈکشن کا اعلان کیا۔ یہ ان کے کیریئر میں ایک غیر معمولی وقفہ تھا ورنہ وہ مسلسل فلموں میں مصروف رہتے تھے۔

2019 سے 2022 تک شاہ رخ نے کئی سکرپٹس کا مطالعہ کیا، اپنی اداکاری کو جانچنے کی کوشش کی اور صرف وہ پروجیکٹ منتخب کیے جو ان کی واپسی کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے تھے۔

ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ بھی مختلف پروجیکٹس پر کام کرتی رہی لیکن بطور اداکار انہوں نے خود کو پردے سے دور رکھا۔ 

مداح ان کی واپسی کا شدت سے انتظار کر رہے تھے اور قیاس آرائیاں تھیں کہ وہ ضرور واپسی کریں گے۔ 

بالآخر شاہ رخ خان نے 2023 میں ’پٹھان‘ کے ذریعے زبردست واپسی کی، جو نہ صرف باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی بلکہ ان کی سپر سٹارڈم کو ایک نئی بلندی پر لے گئی۔

اسی سال ’جوان‘ نے بھی ریکارڈ توڑ کمائی کی اور ’ڈنکی‘ نے ان کے اداکاری کے نئے پہلوؤں کو سکرین پر پیش کیا۔

شاہ رخ کے اس سٹریٹجک وقفے نے ان کے کیریئر کو نئی زندگی دی اور ان کی فلموں کی کامیابی نے ثابت کیا کہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے کس قدر اہم ہوتے ہیں۔ 

ایسا لگتا ہے عامر خان بھی اسی طرح کی بریک پر ہیں۔ 2022 میں ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ناکامی کے بعد انہوں نے فلموں سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ وہ کچھ وقت اپنی ذاتی زندگی اور خاندان کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں، اسی لیے فی الحال کسی نئے پروجیکٹ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

اگرچہ ان کی پروڈکشن کمپنی ’عامر خان پروڈکشنز‘ کچھ پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے، مگر وہ خود کسی فلم میں اداکاری کرتے نظر نہیں آئے۔ 

تاہم مداح ان کی واپسی کے شدت سے منتظر ہیں کیونکہ عامر خان کا ہر کم بیک ہمیشہ بڑے سرپرائز کے ساتھ آتا ہے۔

فلموں سے بریک لینے یا نہ لینے کا فیصلہ سلمان خان کو کرنا ہے۔ دلیپ کمار ہوں یا امیتابھ بچن، عامر ہو یا شاہ رخ، کسی نہ کسی مرحلے میں بڑے سٹارز کو ایسے فیصلے کرنے پڑے۔ 

سلمان کبھی نہیں سمجھیں گے کہ وہ اپنے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔ وہ چاہیں تو آج 15 فلمیں سائن کر سکتے ہیں۔

سٹار ہیں، فلاپ فلم بھی اپنے پیسے پورے کر جائے گی، لیکن وہ ایسے کرتے رہے تو شائقین وہی کریں گے جو 1980 کی دہائی میں ان کے ساتھ ہدایت کار آنند گردھار نے کیا تھا۔ 

آنند گردھار بی گریڈ فلموں کے ہدایت کار تھے۔ ذرا ان کی فلموں کے نام چیک کریں، گرو ہو جا شروع، بدنام، بے آبرو، ہم نہیں سدھریں گے۔ ابتدائی دنوں میں سلمان خان ان کے پاس کام مانگنے گئے۔ آنند نے کہا فی الحال میرے پاس کوئی ایسا کردار ہے نہیں جس میں تم فٹ بیٹھ سکو۔ 

سلمان نے اصرار کیا، غصے میں جب آنند بھائی کا پارہ ہائی ہوا تو انہوں نے اپنے چپڑاسی کو بلوا کر کہا اسے اٹھا کر باہر پھینک دو۔ 

سلمان خان کو آج کوئی پروڈیوسر اپنے دفتر سے اٹھوا کر باہر نہیں پھنکوا سکتا۔ یہ کام شائقین کریں گے اگر سلمان نے بریک نہ لیا اور ایسے ہی ’دانش مندانہ‘ فیصلے کرتے رہے تو مداح انہیں بولی وڈ سے اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔

فی الحال کسی پروڈیوسر کے پاس ایسا کردار نہیں جس میں سلمان خان فٹ بیٹھ سکیں۔ انہیں انتظار کرنا ہو گا اور سکون سے کھیل کھیلنا ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم