اسرائیلی حملوں میں شدت کے بعد لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں پہلی خصوصی پرواز منگل اور بدھ کی درمیانی شب 71 افراد کو لے کر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔
ان پاکستانیوں کو شامی ایئر لائن شام ونگز کی خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے کراچی لایا گیا۔
نو اکتوبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔
غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اس اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ میں یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ مزید پاکستانی شہریوں کو بھی جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لبنان سے انخلا کرنے والے پاکستانیوں کی ہمت بڑھانے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حفیظ الدین اور صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی اور سفارت خانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا۔‘
کامران ٹیسوری نے مزید کہا: ’شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آ گئے۔ لبنان کے شہریوں کے لیے بھی فکرمند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں۔ اسرائیل نے جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیلا دی، مگر دنیا خاموش ہے، مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رکے۔‘
وفاقی وزیرخالد مقبول صدیقی نے اس موقعے پر گفتگو میں بتایا کہ ’وفاقی حکومت نے تمام چیزوں کو پلان کیا ہوا ہے۔‘
دوسری جانب صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ’حکومت نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، یہ حکومت کا بڑا اقدام ہے۔‘