نیویارک: ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گرنے سے بچوں سمیت 6 افراد جان سے گئے

حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر سوار افراد میں پائلٹ اور سپین سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان شامل تھا جن میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچا۔

10 اپریل 2025 کو نیو جرسی میں ہڈسن دریا میں ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد ابتدائی امدادی کارکن ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ اسکیڈز کے قریب موجود ہیں۔

امریکہ کے شہر نیویارک میں جمعرات ایک ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہو گیا جس سے تین بچوں سمیت چھ افراد جان سے گئے۔

حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

اس حادثے میں ہیلی کاپٹر پر سوار افراد میں پائلٹ اور سپین سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان شامل تھا جن میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچا۔ ابتدائی طور پر دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پہلے اس واقعے کو ’انتہائی دلخراش اور افسوسناک حادثہ‘ قرار دیا تھا بعد ازاں ایک بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ’اب تک تمام چھ متاثرہ افراد کو دریا سے نکال لیا گیا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ ان سب کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔‘

دریا میں ہیلی کاپٹر کا ایک حصہ سرنگ کے دھانے کے قریب پانی سے باہر نکالتے ہوا دیکھا گیا اور متعدد کشتیاں حادثے کی جگہ کے گرد جمع تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوز چینل این بی سی فور نے اطلاع دی کہ خراب موسم کے باعث خود ان کا اپنا ہیلی کاپٹر بھی پرواز نہیں کر سکا۔ جمعرات کو نیویارک میں موسم ابر آلود تھا اور تیز جھکڑ چل رہے تھے۔

عینی شاہد فیشن ڈیزائنر بیلے اینجل نے  اے ایف پی کو بتایا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہیلی کاپٹر کے روٹر بلیڈ ’فضا میں ٹوٹ گئے۔

’اور جب وہ ٹوٹے تو ہم نے دیکھا کہ ہیلی کاپٹر چکر کھاتا ہوا نیچے آیا اور پھر بس یوں ہی پانی میں جا گرا۔‘

ہوا بازی کے وفاقی ادارے (ایف اے اے) نے ایک بیان میں بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر بیل 206 ماڈل کا تھا۔

’ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے،‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اس حادثے کو ’خوفناک‘ قرار دیا۔

انہوں نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’حادثے کی فوٹیج لرزہ خیز ہے۔ خدا متاثرین کے اہل خانہ اور دوستوں پر رحم کرے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی