کوربن بوش پی ایس ایل سے دستبردار، زلمی فینز سے معذرت

ایک مشترکہ بیان کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹر کوربن بوش نے جمعرات کو پی ایس ایل سے دستبرداری کے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ پی سی بی نے ان کے پی ایس ایل کھیلنے پر ایک سال کی پابندی لگا دی ہے۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹر کوربن بوش 22 دسمبر 2024 کو جوہانسبرگ میں پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کے کرکٹر کوربن بوش نے جمعرات کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ انڈین پریمیئر لیگ میں شمولیت کے بعد لیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کوربن بوش پر دستبرداری کے باعث پی ایس ایل میں کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اس بیان میں کوربن بوش کا موقف بھی شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’مجھے پاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کے اپنے فیصلے پر بہت افسوس ہے اور پاکستان کے عوام، پشاور زلمی کے مداحوں اور کرکٹ برادری سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں۔‘

کوربن بوش کو 13 جنوری کو لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل ڈرافٹ کے دوران پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوربن بوش پر دستبرداری کے باعث ان پر پی ایس ایل میں کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کی ہے جس کے بعد وہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ میں انتخاب کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

کوربن بوش نے بیان میں کہا ہے کہ ’میں اپنے اس عمل کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور اس کے نتائج کو قبول کرتا ہوں، جن میں جرمانہ اور پی ایس ایل سے ایک سال کی پابندی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ ایک سخت سبق ہے مگر میں اس تجربے سے سیکھنے کا عزم رکھتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں پی ایس ایل میں نئے عزم کے ساتھ اور مداحوں کا اعتماد حاصل کر کے واپس آؤں گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پی ایس ایل ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور میں اپنے عمل کی وجہ سے پیدا ہونے والی مایوسی کو بخوبی سمجھتا ہوں۔ پشاور زلمی کے مداحوں کو مایوس کرنے پر میں واقعی معذرت خواہ ہوں۔‘

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی سے دستبرداری اور انڈین پریمیئر لیگ 2025 کے ایڈیشن کے لیے ممبئی انڈینز کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد جنوبی افریقی کرکٹر کوربن بوش کو مبینہ طور پر معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیئر لیگ ساتھ ساتھ کھیلی جا رہی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ