پہلگام حملہ: انڈین بحریہ کے افسر سے منسوب ویڈیو جھوٹی نکلی

حملے کے بعد اس ویڈیو کو کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا کہ یہ لیفٹیننٹ نروال اور ان کی اہلیہ کی حملے سے قبل کی آخری یادگار ویڈیو ہے۔

آشش سہراوت اور یاشیکا شرما نے 24 اپریل کو انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ زندہ ہیں (سکرین گریب/انسٹا گرام)

پہلگام حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ انڈین بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال اور ان کی اہلیہ ہمانشی سوامی کی آخری ویڈیو ہے جو حملے سے چند گھنٹے قبل بنائی گئی۔

تاہم یہ دعویٰ اس وقت جھوٹا نکلا جب ویڈیو میں موجود جوڑے آشش سہراوت اور یاشیکا شرما نے جمعرات کو انسٹا گرام پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ زندہ ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 19 سیکنڈ کی ویڈیو میں پہلگام کی خوبصورت وادی میں ایک نوجوان جوڑے کو کوک سٹوڈیو کے مشہور گانے ’جھوم‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

حملے کے بعد اس ویڈیو کو کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا کہ یہ لیفٹیننٹ نروال اور ان کی اہلیہ کی حملے سے قبل کی آخری یادگار ویڈیو ہے۔

یاشیکا شرما، جو فضائی میزبان ہیں، نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پوسٹ میں کہا: ’ہم بالکل خیریت سے ہیں۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ہماری ویڈیو کو اس طرح ایک افسوسناک واقعے سے کیسے جوڑا جا رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ دل دکھانے والی بات ہے۔ ہماری دلی ہمدردی لیفٹیننٹ نروال کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ براہ کرم ایسی تمام پوسٹس کو رپورٹ کریں جو ہماری ویڈیو کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو کے وائرل ہونے پر ان کے اہلِ خانہ اور دوست پریشان ہو گئے تھے کیونکہ ’ابتدائی طور پر سب نے یہی سمجھا کہ ہم بھی اس واقعے میں مارے گئے ہیں‘۔

یاشیکا شرما کے ساتھی آشش سہراوت، جو انڈین ریلوے میں کام کرتے ہیں، نے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ویڈیو 14 اپریل کو کشمیر میں ان کی چھٹیوں کے دوران بنائی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ویڈیو 22 اپریل کو ان کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، یعنی اسی دن جب پہلگام حملہ ہوا مگر جب اس پر تنقید ہوئی تو ویڈیو ہٹا دی گئی۔

ان کے بقول: ’ہمیں بعد میں پتہ چلا کہ کوئی ہماری ویڈیو کو غلط دعوے کے ساتھ شیئر کر رہا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ