گلیکسی فولڈ کے بعد سام سنگ کے اگلے فولڈنگ فون کا اعلان فروری میں متوقع ہے لیکن اس فون کی ایک ویڈیو پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2020 فولڈنگ فونز کا سال ہو گیا کیونکہ پچھلے سال کم از کم چار کمپنیاں ہواوے، شاؤ می، موٹرولا اور سام سنگ اس میدان میں اتر چکی ہیں۔
بین گسکن نامی صارف نے ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو پوسٹ میں ایک فلپ ڈیوائس دکھائی ہے جو بظاہر گلیکسی ’زی فلپ‘ سمارٹ فون ہے۔
’دا ورج‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق 20 سیکنڈز کی ویڈیو میں مبینہ ’زی فلپ‘ کی ایک جھلک ہے اور کوئی تفصیل نہیں۔
Samsung Galaxy Z Flip - First Hands On Video pic.twitter.com/4b8Uzt5kRB
— Ben Geskin (@BenGeskin) February 2, 2020
گلیکسی زی کی کچھ تصاویر پہلے ہی انٹرنیٹ پر موجود ہیں لیکن یہ اس فون کی پہلی ویڈیو ہے۔
سام سنگ کا پہلا فولڈنگ فون ’گلیکسی فولڈ‘ پچھلے سال ریلیز ہوا تھا۔ باقاعدہ ریلیز سے قبل اس فون کی فولڈنگ سکرین میں مسائل رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اس کی سکرین کو مزید بہتر بنایا گیا۔
حال ہی میں موٹرولا نے اپنے پرانے، روائتی اور مشہور زمانہ ’موٹو ریزر‘ کا سمارٹ ورژن پیش کیا ہے۔
مارکیٹ میں دستیاب فولڈنگ فونز ’ہواوے میٹ ایکس‘، ’شاؤ می مکس فلیکس‘، ’موٹو ریزر‘ اور ’گلیکسی فولڈ‘ بہت مہنگے ہیں اورامکان ہے کہ گلیکسی زی کی قیمت بھی عام صارف کی پہنچ سے باہر ہو گی۔
گلیکسی زی 11 فروری کو سان فرانسسکو میں سام سنگ کے میگا ایونٹ میں باضابطہ طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
اس ایونٹ میں مداحوں کو جس فون کا سب سے زیادہ انتظار ہے، وہ گلیکسی ایس20 فلیگ شپ فون ہے۔